آصف علی زرداری

صدر مملکت کا چینی سفارتخانے کا دورہ، سفیر سے چینی شہریوں کی ہلاکت پر اظہار تعزیت

اسلام آباد(عکس آن لائن ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے چین کے سفارت خانے کا دورہ کیا۔

چینی سفیر نے سفارت خانے آمد پر صدر آصف علی زرداری کا استقبال کیا، صدر مملکت نے بشام میں دہشت گرد حملے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر پاکستانی حکومت اور عوام کی جانب سے تعزیت کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے کہاکہ پاکستانی قوم چینی عوام کے غم میں برابر کی شریک ہے، دکھ کی اس گھڑی میں پاکستانی عوام چینی عوام کے ساتھ کھڑی ہے، دشمن یہ قبول نہیں کر سکتے کہ پاک چین دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، بہیمانہ فعل میں ملوث مجرموں کو پکڑ کر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ پاکستان میں مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی سکیورٹی یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے، غیر انسانی حملہ دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی اور مشترکہ اقدار پر حملہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ پاک چین دوستی کے دشمنوں کی طرف سے ترتیب دیا گیا تھا، پاکستان دہشت گردوں کو خطے میں امن، خوشحالی اور سلامتی کیلئے ہمارے مشترکہ اہداف کو کمزور کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گا۔

چینی سفیر نے تعزیت کے لئے ذاتی طور پر سفارت خانے کا دورہ کرنے پر صدر مملکت کا شکریہ ادا کیا، چینی سفیر نے انسداد ِدہشت گردی میں تعاون بڑھانے، پاکستان میں چینی کارکنوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

چینی سفیر نے مزید کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں، بے گناہ لوگوں کو نشانہ بنانے والوں کو پکڑنے کی ضرورت ہے، چینی سفیر نے پاکستان کے ساتھ تعاون مزید مضبوط بنانے، سی پیک سمیت دیگر منصوبوں کیلئے حمایت جاری رکھنے کے چینی عزم کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں