صدر مملکت

صدرمملکت عارف علوی کی عیسوی سال 2023کے آغاز پاکستانی قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد

اسلام آباد (عکس آ ن لائن) صدرمملکت عارف علوی نے عیسوی سال 2023کے آغاز پاکستانی قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ سال پاکستانی قوم کو مختلف چیلنجز کا سامنا رہا،ہم اپنی محنت ، بہادری ، ایثار، عزم اور مستقل مزاجی کی بدولت مشکل حالات سے نکلے،پاکستان کو مسائل سے نکالنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہمیں اپنی ان ہی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہاکہ میں سال 2023 ء کے آغاز پر پوری پاکستان قوم اور عالمی برادری کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوںنے کاہکہ نئے سال کے آغاز پر میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا گو ہوں کہ وہ اس سال کو پاکستان ، پاکستانی قوم ، عالم ِ اسلام اور ساری دنیا کیلئے باعث رحمت و برکت بنائے اور دنیا کو امن و آشتی اور ترقی و خوشحالی نصیب فرمائے۔ آمین !انہوںنے کہاکہ گزشتہ سال پاکستانی قوم کو مختلف چیلنجز کا سامنا رہا۔ مگر ہم اپنی محنت ، بہادری ، ایثار، عزم اور مستقل مزاجی کی بدولت مشکل حالات سے نکلے۔ کورونا کی وبا پر کامیابی سے قابو پانے کے بعد پاکستان کو ملک کے طول و عرض میں تاریخی سیلاب کا بھی سامنا کرنا پڑا۔ انہوںنے کہاکہ مجھے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے اور وہاں پر ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کا موقع ملا۔ میں مشکل میں گھری پاکستانی عوام سے ملا اور ان کے مسائل سنے۔

سیلاب کے دوران جہاں مجھے مختلف مسائل ، نقصانات اور سیلاب کی تباہی دیکھنے کو ملی ، وہیں میں نے اپنی قوم کی ثابت قدمی ، ایثار، حب الوطنی ، یکجہتی ، عزم اور استقلال کو بھی دیکھا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کو مسائل سے نکالنے اور ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کیلئے ہمیں اپنی ان ہی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کو آج مختلف معاشی مشکلات ، سیاسی عدم استحکام، امن و امان کی صورتحال ، دہشتگردی کی دوبارہ سراٹھاتی عفریت ، موسمیاتی تبدیلیوں، غربت اور بڑھتی ہوئی آبادی جیسے چیلنجز کا سامنا ہے۔ انہوںنے کہاکہ نئے سال میں ہمیں قوم کو درپیش ان مسائل پر قابو پانے کیلئے بحیثیت قوم اپنی ترجیحات کا درست طور پر تعین کرناہے،ہمیں ملک کو ایک خوشحال ، ترقی یافتہ ، جمہوری اور مستحکم ملک بنانے کیلئے قومی یکجہتی ، اتحاد، نظم و ضبط ، مسلسل محنت ، جذبے اور لگن کے ساتھ کام کرنا ہے۔

انہوںنے کہاکہ نیا سال اس بات کا متقاضی ہے کہ ہم ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کیلئے جمہوری اداروں کی فعالیت ، اثر انگیزی اور کارکردگی میں اضافہ یقینی بنائیں۔ ہمیں اپنے اداروں کی کاردکردگی میں اضافے کیلئے متعلقہ قوانین اور قواعدوضوابط میں اصلاحات متعارف کرانے کی ضرورت ہے۔ ملکی ترقی کیلئے اس سال تمام اسٹیک ہولڈرز کو آئین کی پاسداری ، انصاف کی فراہمی ، شفافیت ، کارکردگی میں اضافے ، میرٹ کی پابندی اور عوامی شکایات کے بروقت ازالے کو یقینی بنانے کیلئے عملی اقدامات لینا ہوں گے۔ علاوہ ازیں ہمیں سیلاب زدگان کی مکمل بحالی اور معاشرے کے کمزور طبقات کو غربت سے نکالنے کیلئے اپنی کوششیں تیز تر کرنا ہوں گی۔ ایک جامع معاشرے کا قیام خصوصی افراد اور خواتین کی معاشرے اور کاروباری اور سماجی سرگرمیوں میں شمولیت کے بغیر ممکن نہیں۔

ہمیں اپنی قدرتی وسائل اور توانائی کا ذمہ دارانہ استعمال کرنے کی عادت اپنانا ہوگی اور ہمارے انسانی وسائل کی ترقی ، تعلیم اور تربیت پر خصوصی توجہ مرکوز کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ آئیں ، نئے سال کے آغاز پر پاکستان کو ایک پرامن ، خوشحال اور اسلام کے زریں جمہوری اصولوں پر مبنی ایک اسلامی فلاحی ریاست بنانے کی جانب سفر کی شروعات کرنے کاعہد کریں۔ میں اللہ تعالیٰ سے دعا کرتا ہوں کہ وہ ان مقاصد کے حصول میں ہمارا حامی و ناصر ہو اور سال 2023 ء کو پاکستان کیلئے ترقی ، استحکام اور امن و امان کا سال بنائے۔ آمین !

اپنا تبصرہ بھیجیں