شیخ رشید

شیخ رشید کا10 دسمبر سے الیکشن مہم شروع کرنے کا اعلان

راولپنڈی(عکس آن لائن) سابق وزیر داخلہ اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے10 دسمبر سے الیکشن مہم شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے مجھ سے ایسی بات نہ کہلوائیں کہ 40دن کا چلہ کاٹنے کے بعد پھر چلہ کاٹنا پڑے،نواز شریف کو ریلیف ہی ریلیف ہے ان کو لمبا ریلیف ملے گا، جو شخص عوام کو بیوقوف سمجھتا ہے وہ خود سب سے بڑا بیوقوف ہے،میں نے کسی کو کسی کے ہاتھ کوئی پیغام نہیں بھیجا،تفصیلات کے مطابق 9مئی کے مقدمات کے خلاف شیخ رشید کی دائر درخواست پر سماعت لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے کی،

شیخ رشید اپنے وکیل سردار عبد الرازق خان کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے جبکہ پولیس کی جانب سے شیخ رشید کے خلاف مقدمات کی نامکمل رپورٹ عدالت میں پیش کی گئی،جسٹس چوہدری عبدالعزیز نے کیس کی سماعت بغیر کارروائی کے ایک ہفتے تک ملتوی کرتے ہوئے پولیس کو مقدمات کی مکمل رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی،اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا تھا عدالت نے پنجاب حکومت کو کیسز کی مکمل رپورٹ جمع کرانےکیلئے ایک ہفتے کی مہلت دی ہے، 9 مئی کے واقعات میں کسی مظاہرے میں شریک نہیں تھا،شیخ رشید کا کہنا تھا چلہ کاٹنے کے بعد میرا نام 9مئی کے مقدمات میں ڈالا گیا ہے، جس بندے نے میری گاڑی کی ضمانت دی تھی اس کو بھی اٹھایا گیا تھا، مجھ سے ایسی بات نہ کہلوائیں کہ 40دن کا چلہ کاٹنے کے بعد پھر چلہ کاٹنا پڑے،

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کو ریلیف ہی ریلیف ہے ان کو لمبا ریلیف ملے گا، جو شخص عوام کو بیوقوف سمجھتا ہے وہ خود سب سے بڑا بیوقوف ہے،شیخ رشید کا کہنا تھا میں نے کسی کو کسی کے ہاتھ کوئی پیغام نہیں بھیجا، 10دسمبر سے الیکشن مہم شروع کروں گا،ان کا کہنا تھا پی ٹی آئی کے کل کے فیصلے سے لگتا ہے کہ عام انتخابات میں ان کو بلے کا نشان ملے گا، الیکشن کیلئے چیف جسٹس پاکستان نے 8فروری کی تاریخ مقرر کر رکھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں