سارہ خان

شوہر نے گانے میں ‘ٹھمکے’ لگانے کی پیش کش کی، سارہ خان

کراچی (عکس آن لائن)معروف اداکارہ سارہ خان نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ان کے شوہر گلوکار فلک شبیر نے ایک گانے میں پرفارمنس کرنے کی پیش کش کی تھی، جس میں انہیں ‘ٹھمکے’ لگانے تھے۔سارہ خان اور فلک شبیر جولائی 2020 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے اور ان کے ہاں اکتوبر 2021 میں پہلی بیٹی کی پیدائش ہوئی تھی۔شادی کے بعد اگرچہ سارہ خان کے ڈراموں میں دکھائی دیں مگر حمل ٹھہرنے اور بچے کی پیدائش کے بعد وہ کافی وقت تک اسکرین سے دور رہیں۔

حال ہی میں دونوں نے ثانیہ مرزا اور شعیب ملک کے شو ‘دی مرزا، ملک شو’ میں شرکت کی، جہاں دونوں نے اپنے اپنے کیریئر سمیت ذاتی زندگی پر بھی کھل کر بات کی۔ایک سوال کے جواب میں فلک شبیر نے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی اہلیہ کو اداکاری چھوڑ کر گھر بیٹھنے کے لیے نہیں کہا۔انہوں نے کہا کہ چوں کہ وہ خود جفاکشی کے بعد کسی مقام پر پہنچے تھے، اس لیے انہیں اندازہ ہے کہ ہر کسی کی اپنی جدوجہد ہوتی ہے۔

فلک شبیر نے اہلیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی محنت سے شوبز میں ایک مقام بنایا، خوش قسمتی سے انہوں نے کوئی مشکل وقت نہیں دیکھا۔گلوکار کا کہنا تھا کہ ان کی اہلیہ کے لاکھوں فالوورز ہیں اور انہیں خدا نے عزت دی ہے، وہ کون ہوتے ہیں، انہیں گھر تک محدود رکھنے والے۔اسی شو کے دوران سارہ خان نے بھی شوہر کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت زیادہ صفائی پسند ہیں، ساتھ ہی ان کی یادداشت بھی بہتر ہے۔ایک سوال کے جواب میں سارہ خان نے بتایا کہ انہیں نہیں یاد کہ انہوں نے آج تک شوہر کو کیا تحفہ دیا تھا لیکن انہیں شوہر ہر بار ہی تحفے دیتے رہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں