شام

شام ،حمص میں تیل اور گیس کی تنصیبات کے نزدیک دھماکوں کے بعد آتش زدگی

دمشق (عکس آن لائن)شام کے وسطی شہر حمص میں تین زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق حمص میں تیل صاف کرنے کے بڑے کارخانے کے تیل ذخیرہ کرنے کے ٹینکروں کے نزدیک سے دھماکوں کی آوازیں سنائی دی اور اس کے بعد آگ لگ گئی ہے۔شام کے سرکاری میڈیا نے ان دھماکوں کی خبر فلیش کی صورت میں نشر کی لیکن زخمیوں اور ہلاکتوں کے بارے میں کچھ نہیں بتایا ۔

البتہ اس کا کہنا تھا کہ محکمہ شہری دفاع کے یونٹوں کو دھماکوں کی جگہ جانب روانہ کردیا گیا ہے۔شام کے سرکاری اخبارنے بتایا کہ حمص کی آئیل ریفائنری کے نزدیک تیل ذخیرہ کرنے کے ٹینکروں میں دھماکوں کے بعد آگ لگ گئی ہے۔فوری طور پر یہ واضح نہیں ہوا ہے کہ یہ دھماکے اچانک حادثاتی طور پر ہوئے ہیں یا ٹینکروں کو کسی تخریبی حملے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔وسطی صوبہ حمص میں حالیہ مہینوں کے دوران میں داعش کے بچے کھچے جنگجو سرکاری سکیورٹی فورسز پر گوریلا حملے کرتے رہے ہیں۔

ان کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ انھوں نے کم گنجان آباد علاقوں میں پناہ لے رکھی ہے اور وہ سکیورٹی فورسز پر حملوں کے بعد وہاں روپوش ہونے میں کامیاب ہوجاتے ہیں۔حمص میں روسی فضائیہ بھی شامی فوج کی مدد میں فعال کردار ادا کررہی ہے اور اس کے لڑاکا طیارے داعش کے مشتبہ جنگجوں کے ٹھکانوں کو اپنے حملوں میں نشانہ بناتے رہتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں