شازیہ مری

شازیہ مری کی مرتضی وہاب کو میئر کراچی منتخب ہونے پر مبارکباد

کراچی (عکس آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے مرتضی وہاب کو میئر کراچی منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔ رہنما پیپلز پارٹی شازیہ مری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ مرتضی وہاب کراچی کا بیٹا ہے اور وہ کراچی کے تمام طبقات کی نمائندگی کرے گا، یقین ہے کہ مرتضی وہاب کراچی کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔

شازیہ مری کا کہنا تھا کہ آج ثابت ہو گیا کہ کراچی کسی ایک پارٹی کا نہیں بلکہ ہم سب کا ہے ، سندھ کے دیگر شہروں کے منتخب میئرز، ڈپٹی میئرز، ڈسٹرکٹ کونسلز، ٹاون کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کو بھی مبارکباد دیتی ہوں۔ واضح رہے کہ پیپلز پارٹی کے مرتضی وہاب میئر کراچی منتخب ہو گئے ہیں ،

غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق مرتضی وہاب 173 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمن کو 161 ووٹ ملے ہیں ۔ دوسری جانب ڈپٹی میئر کا الیکشن بھی پیپلز پارٹی جیت گئی، سلمان عبداللہ مراد 173 ووٹ لے کر کامیاب ٹھہرے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں