عرفان صدیقی

سیاست کی عینک سے دیکھا جائے تو نواز شریف سیاست میں بالکل موجود ہیں،عرفان صدیقی

اسلام آباد (عکس آن لائن)مسلم لیگ (ن )کے رہنما عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ اقتدار کی راہداریوں، عہدہ اور منصب کے حوالے سے دیکھا جائے تو نواز شریف سیاست سے الگ تھلگ نظر آتے ہیں،

سیاست کی عینک سے دیکھا جائے تو نواز شریف سیاست میں بالکل موجود ہیں، وہ بطور قائد موجود ہیں کل کے دو بڑے فیصلے انہوں نے ہی کیے ہیں۔ایک انٹرویومیں عرفان صدیقی نے کہا کہ نواز شریف سیاست میں رہیں گے اور اپنا کردار بھی ادا کریں گے، عہدہ اور منصب کے حوالے سے آپ کہہ سکتے ہیں کہ نواز شریف اس دوڑ سے باہر ہیں، فیصلے جماعت کے بجائے ملک کے مفاد کو دیکھ کر کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ عملاً مشکل ہو جائے گا اگر پیپلزپارٹی عہدے حاصل کرتی ہے اور ذمے داری میں شریک نہیں ہوتی، صورتحال تقاضا کرتی ہے کہ (ن )لیگ اور پیپلزپارٹی مل جل کر حکومت بنائے، پی ٹی آئی کو ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے پیشکش کی لیکن وہ بات نہیں کرنا چاہتے، ہماری پیپلز پارٹی سے یہاں اچھی مفاہمت ہوجاتی ہے تو بلوچستان میں بھی مل جل کر مسئلہ حل ہو جائے گا۔

مسلم لیگ (ن )کے رہنما نے کہا کہ نواز شریف مایوس نہیں کریں گے وہ پاکستان میں ہیں اور جہاں جائیں گے واپس آجائیں گے، ن لیگ کو ووٹ دے کر سیڑھی لگا کر بام عروج پر پہنچا دیں اور پھر سیڑھی کھینچ لیں پھر کہیں کہ پیٹرول کی قیمت کیوں بڑھی، آئی ایم ایف کے پاس کیوں گئے، ڈرائیونگ سیٹ پر شہباز شریف ہوں گے ان پر منحصر ہے کہ حکومت کیسے چلاتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ پیپلز پارٹی اگر موجودہ موقف پر قائم رہتی ہے اور حکومت کا حصہ نہیں بنتی، آئینی عہدوں پر غلبہ ان کے ہاتھ اور ملبہ ہمارے سر تو پھر دیکھنا ہو گا کہ باقی صوبوں میں ارینجمنٹ کیا ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں