گولڈن ٹیمپل

سکھوں کے مقدس مقام گولڈن ٹیمپل میں ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے پرپابندی

امرتسر(عکس آن لائن) سکھوں کی سب سے بڑی نمائندہ جماعت شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی نے بھارت میں سکھوں کے سب سے مقدس مقام گولڈن ٹیمپل ہرمندرصاحب میں ٹک ٹاک ویڈیوزبنانے پرپابندی لگادی ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق شرومنی کمیٹی کے مطابق دنیابھرسے سکھوں کے علاوہ مختلف مذاہب کے لوگ گولڈن ٹیمپل ہرمندرصاحب آتے ہیں اور یہاں یادگار کے طورپراپنی ویڈیوز اورتصاویربنواتے ہیں۔

اس پرکبھی بھی پابندی نہیں لگائی گئی تھی تاہم اب کچھ عرصہ سے نوجوان لڑکے، لڑکیاں اس مقدس مقام پرآکر مزاحیہ اندازمیں ٹک ٹاک ویڈیوبناتے ہیں جو اس جگہ کی بے حرمتی کے مترادف ہے۔اس حوالے سے دنیابھرسے سکھ کمیونٹی کی طرف سے شکایات آرہی تھیں۔ اس وجہ سے گولڈن ٹیمپل میں ٹک ٹاک ویڈیو بنانے پر پابندی لگائی گئی ہے۔

گولڈن ٹیمپل کے مینیجرسردار راجیندرسنگھ روبی نے بتایا کہ ہرمندرصاحب میں فوٹوگرافی اور ویڈیو بنانے پرپابندی نہیں لگائی گئی ہے تاہم ٹک ٹاک اورفنی ویڈیوزبنانے پرپابندی ہوگی اس کی اجازت نہیں دی جائے گی۔اس حوالے سے سیکیورٹی عملے کوالرٹ کردیاگیاہے جبکہ گولڈن ٹیمپل میں کئی ایک مقامات پرنوٹس بھی لگادیئے گئے ہیں، جس میں کہاگیاہے کہ شری ہرمندرصاحب ایک مقدس استھان ہے یہاں ادب واحترام کے تقاضوں کوملحوظ خاطررکھاجائے۔شرومنی کمیٹی کے ذرائع کے مطابق کمیٹی کی طرف سے دنیابھرمیں موجود گوردواروں میں ٹک ٹاک ویڈیوبنانے پر پابندی کی سفارش بھی کی جاسکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں