صدرمملکت

سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کے لئے تمام اداروں کو ملکر کام کرنا ہوگا ،صدرمملکت

سکھر (عکس آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سستے اور فوری انصاف کی فراہمی کے لئے تمام اداروں کو ملکر کام کرنا ہوگا، انصاف کرنا بہت بڑی نیکی ہے۔ سکھر میں وفاقی محتسب انشورنس ریجنل آفس سکھر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ لوگوں کے مسائل حل کرنے کے لئے اس ادارے نے قابل ستائش کردار ادا کیا ہے۔

انہوںنے کہاکہ دنیا بھر میں لوگ انصاف کی فراہمی کو تیز کرنے اور مسائل کے فوری حل کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حالیہ سالوں میں پاکستان میں بھی وفاقی محتسبین کی مدد سے سائلین کے مسائل کے حل میں تیزی آئی ہے، بینکنگ صارفین کے مسائل ہوں یا ملکی مسائل، ان کے فوری حل اور بروقت فیصلوں سے ہی لوگوں کی شکایات کا ازالہ ہوگا۔صدر مملکت نے کہا کہ اگر ہم ایگری کلچر انشورنس پر توجہ دیتے توحالیہ سیلاب کی وجہ سے کسانوں اور زمینداروں کو ہونے والے نقصانات کا ازالہ کر سکتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام سیکٹرز میں انشورنس کے رجحان کو بڑھانا ہوگا۔صدر نے کہا کہ سکھر میں وفاقی محتسب کے کئی ادارے موجود ہیں مگر عوامی سطح پر لوگوں کو ان کا علم نہیں ، اس ادارے میں موجود افسران کو اپنے کام اور کارکردگی کو میڈیا میں لانا چاہئے کیوں کہ یہ دور سوشل میڈیا اور کمیونیکیشن کا دور ہے ۔قبل ازیں صدر مملکت منگل کو ایک روزہ دورے پر سکھر پہنچے۔ وہ سکھر ایئر پورٹ سے آئی بی اے یونیورسٹی آئے جہاں انہوں نے وفاقی انشورنس محتسب ریجنل آفس سکھر کا افتتاح کیا ۔وفاقی انشورنس محتسب ڈاکٹر محمد خاور جمیل نے صدر مملکت کا استقبال کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں