فواد چوہدری

سزا یافتہ مجرم کا آرمی چیف کا فیصلہ کرنا فوج کے وقار اور احترام کے منافی ہے، فواد چودھری

اسلام آباد (نمائندہ عکس)رہنما تحریک انصاف اور سابق وفاقی وزیر فواد چودھری نے کہا ہے کہ سزا یافتہ مجرم کا آرمی چیف کا فیصلہ کرنا فوج کے وقار اور احترام کے منافی ہے۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ نون لیگ کے وزراءیہ کہ رہے ہیں کہ لندن میں نئے آرمی چیف کی تقرری کے ضمن میں شہباز شریف اور نواز شریف کی ملاقات ہوئی ہے اور نواز شریف نئے آرمی چیف کا فیصلہ کریں گے ایسی فیصلہ سازی آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی شدید خلاف ورزی ہے۔

ایسا کرنے پر شہباز شریف اپنے حلف سے روگردانی کے مرتکب ہو رہے ہیں۔انہوں نے مزید لکھا کہ پاکستان کے عوام پاک فوج کو اپنے دل کے قریب رکھتے ہیں ایک سزا یافتہ مجرم کا اس ادارے کا سربراہ مقرر کرنے کا فیصلہ فوج کے وقار اور احترام کے منافی ہے اور تحریک انصاف اس سنگین قانونی خلاف ورزی پر شدید احتجاج کرتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں