سرسبز روپ

سرگودھا کو ماڈل اور سرسبز روپ دینے کے لئے مصروف عمل ہیں،چیئرمین پی ایچ اے

سرگودھا(نمائندہ عکس آن لائن) صوبہ بھر میں سرگودھا کو ماڈل اور سرسبز روپ دینے کے لئے مصروف عمل ہیں ، پی ایچ اے کی نرسریوں میں معیاری ، خوبصورت اور دیدہ زیب پھولوں کے علاوہ سایہ دار درختوں کے پودوں کی تیاری کے حوالہ سے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے، نرسریوں کی استعداد کار میں اضافہ سے سر سبز و شاداب سرگودھا کے خواب کو حقیقی تعبیر ملے گی،

ان خیالات کا اظہار چیئرمین پی ایچ اے سید محمود بخش گیلانی نے پی ایچ اے کے زیر انتظام قائم نرسریوں کے دورہ کے موقع پر کی ، اس موقع پر انہوں نے نرسریوں میں جاری اقدامات اور پودوں، پینری کی تیاری کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا اور نرسریوں میں کام کرنے والے عملہ کو کام کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی کے عفریت نے جہاں ماحول کو اپنی لپیٹ میں لے کر نسل انسانی کی صحت مندانہ زندگی کو خطرات سے دوچار کر رکھا ہے وہیں اس آلودگی کی وجہ سے ماحولیاتی منفی تبدیلی کی وجہ سے آئندہ نسلوں کے مستقبل پر سیاہ دائرے دکھائی دے رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ماحولیاتی آلودگی کے خلاف ایک جنگ کا آغاز کرتے ہوئے بلین ٹری منصوبہ کا آغازکیا ،

پنجاب حکومت وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی قیادت میں وزیراعظم عمران خان کے ویژن کی تکمیل کے لئے سرگرداں ہے اور شجر کاری مہم کے حوالہ سے بھی بھرپور اقدامات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے ، چیئرمین پی ایچ اے سید محمود بخش گیلانی نے کہا کہ پی ایچ اے سرگودھا گرین اینڈ کلین مہم کے حوالہ سے ہر ممکنہ انداز میں مصروف عمل ہے اور سر سبزو شاداب سرگودھا کا خواب اسی صورت میں عملی تعبیر سے ہم کنار ہوگا جب ہم نرسریوں کی استعداد کار میں اضافہ یقینی بنائیں گے، اس سلسلہ میں ہنگامی بنیادوں پر کام کی ہدایت کرتے ہوئے چیئرمین پی ایچ اے سید محمود بخش گیلانی نے نرسریوں میں ہر ممکنہ سہولیات کی فراہمی کی بھی یقین دھانی کروائی تاکہ حالات کی بہتری اور صورت حال کی مثبت تبدیلی ممکن ہوسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں