لاہور چیمبر

سرکلر 11کی شرط پہلے سے دئیے گئے امپورٹ آرڈرز پر لاگو نہ کی جائے’لاہور چیمبر

لاہور(عکس آن لائن)لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے سٹیٹ بینک آف پاکستان پر زور دیا ہے کہ سرکلر11مورخہ پانچ جولائی کے چیپٹر 84-85-87کے تحت الیکٹریکل مشینری، آلات، پارٹس اور موٹرگاڑیوں کی درآمد سے قبل سٹیٹ بینک آف پاکستان سے منظوری کی شرط ان آرڈرز پر لاگو نہ کی جائے جو پہلے ہی دئیے جاچکے ہیں یا جوکنسائنمنٹس پورٹس پر پہنچ چکی ہیں وگرنہ اس سے امپورٹرز کو بھاری نقصان ہوگا۔ امپورٹرز کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر، سینئر نائب صدر میاں رحمن عزیز چن اور نائب صدر حارث عتیق نے کہا کہ تجارتی خسارے پر قابو پانے کے لیے اقدامات اچھے ہیں لیکن یہ مدنظر رکھنا ضروری ہے کہ امپورٹرز کو نقصان نہ ہو، ان درآمد کنندگان کو نقصان سے بچانا بہت ضروری ہے جنہوں نے یہ سرکلر جاری ہونے سے قبل آرڈرز دے رکھے تھے یا جن کی شپمنٹ پورٹ پر پہنچ چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو امپورٹ آرڈرز پابندی سے قبل دئیے جاچکے ہیں ان کو بہرصورت کلیئر کرنا ہوگا بصورت دیگر درآمد کنندگان اپنے بلز وصول نہیں کرسکیں گے اور انہیں بھاری نقصان کا سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر کے بہت سے ممبران نے رابطہ کرکے آگاہ کیا ہے کہ کنٹینرز بندرگاہوں پر پھنس جانے کی وجہ سے انہیں شدید مسائل کا سامنا ہے، کاروباری طبقے میں کافی پریشانی ہے اور ان کی کاروبار کرنے کی لاگت میں بہت زیادہ اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے سٹیٹ بینک آف پاکستان ان آرڈرز اور شپمنٹ کو منظوری کی پابندی سے مثتثنی قرار دے جو سرکلر جاری کرنے سے پہلے دئیے جاچکے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں