صدرمملکت

سرکاری افسران عوام کی خدمت کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں’صدر مملکت عارف علوی

لاہور ( عکس آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ سرکاری افسران عوام کی خدمت کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں، ٹیم ورک کی بدولت ہم کسی کام کو بہتر طور پر انجام دے سکتے ہیں،ہم نے جمہوریت کے لئے بہت جدو جہد کی ہے۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں سول سروسز اکیڈمی میں 46ویں سپیشلائزڈ ٹریننگ پروگرام کے تحت تربیت مکمل کرنے والے پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس کے 46افسران میں ایوارڈ زو اسناد تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سول سروسز اکیڈمی کے ڈائریکٹر جنرل فرحان عزیز خواجہ بھی موجود تھے ،تربیت مکمل کرنے والوں میں پنجاب، سندھ اور بلوچستان سمیت تمام صوبوں کے افسران شامل تھے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹو افسران کو انسانیت کی خدمت کر نا سکھایا جا تا ہے، ایڈمنسٹرٹیو افسران کو شیروانی میں دیکھ کر خوشی ہو ئی، آپ خودکو منظم کریں اور خوشی کا کوئی لمحہ ہاتھ سے نہ جانے دیں،آپ خوش ہوں گے توآپ کاخاندان بھی خوش ہو گا ۔

انہوںنے تربیت مکمل کرنے والے افسران کیلئے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے کہاکہ وہ لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کریں، آج کا دن تربیت مکمل کرنے والے افسران کیلئے ایک عظیم دن کی حیثیت رکھتا ہے،جو انہیں پوری زندگی یاد رہے گا۔صدر مملکت نے سرکاری افسران پر زور دیا کہ وہ اپنے اپنے شعبوں میں عوام کی خدمت کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں ،عوامی فلاح و بہبود اور انہیںریلیف کی فراہمی کیلئے عوام دوست پالیسیاں تشکیل دیں تا کہ عام آدمی کے مسائل فوری حل ہو سکیں۔

انہوں نے افسران سے مخاطب ہو کر کہا کہ آپ سول سرونٹس ہونے کے ناطے معاشرے کی بہتر اصلاح اور ملک و قوم کی ترقی کیلئے ہمہ وقت کوشاں رہیں کیونکہ عوام کی امیدیں آپ سے وابستہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ سول سرونٹس ملکی مشینری کا کلیدی حصہ ہیں جس کے بغیر ملک آگے بڑھ سکتا ہے اور نہ ہی معاشرے کی حقیقی معنوں میں اصلاح ممکن ہے لہٰذا آپ دلجمعی ، تندہی اور محنت کے ساتھ مہذب معاشرے کی تشکیل میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔

صدر مملکت نے حضورۖکی سیرت طیبہ،خلفا ئے راشدین کے طرز حکمرانی اور قرآنی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے افسران پر زور دیا کہ وہ عام انسان کیلئے آسانیاں پیدا کریں اور اپنے دروازے عوام کیلئے کھلے رکھیں۔انہوں نے کہا کہ دوسروں کے ساتھ تعاون کئے بغیر آپ خوش نہیں رہ سکتے، خوشی کے لئے ہر لمحے کو تلاش کرواور اس کیلئے مسلسل کوشش کرنی پڑتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا کے اندر نفرتیں عروج پر جبکہ محبتوں کا فقدان ہے چھوٹے چھوٹے عیب ظاہر کیے جاتے ہیں ۔

انہوں نے دریا اور سمندر کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ دریازمین کو سیراب کرتا ہے جبکہ سمندرمیں سب کچھ گھل مل جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے اپنے آپ سے محبت کریں ،دوسروں کے بارے میں دل سے نفرتیں نکالیں ،خاندان سے محبت کاسفر شروع کریں جو پڑوسیوں ،قوم اور انسانیت سے ہوتا ہوا اللہ سے محبت پر جاکر ختم ہو۔صدر مملکت نے کہا کہ آپ کا لائف سٹائل ایسا ہو کہ لوگ آپ کے قریب آسکیں اپنی ڈیوٹی کے علاقوں میں جمعہ کی نماز پڑھائیںیا پڑھیں اس سے لوگوں سے ملاقات کرکے فاصلے کم کیے جاسکتے ہیں ۔

انسانیت سے پیارکرنے کے حوالے سے صدر مملکت نے علامہ اقبال اور مولانا جلال الدین رومی کی حکا یات کا بھی ذکر کیا۔آخر میں انہوں نے کورس مکمل کرنے والے افسران کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ کورس مکمل والے تمام افسران اپنے اپنے شعبہ جات میں بہترین خدمات انجام دیں گے اور عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ٹھوس اور پائیدار پالیسیاں تشکیل دیں گے۔

تقریب میں صدر مملکت نے دوران تربیت نمایا ںکارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران میں شیلڈ تقسیم کیں ،بہترین سپورٹس پرسن کا ایوارڈ آفتاب منیر اور خواتین میں ایمان ظفر ،بہترین ہارس رائیڈر کا ایوارڈ کیپٹن ریٹائرڈ فرید بادینی،بہترین کنڈکٹ کا ایوارڈ سنبل جاوید جبکہ بہترین اکیڈمک کاایوارڈ احسن نواز گوندل کو دیا گیا۔نصابی و غیر نصابی سرگرمیوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر سلمان یوسف کو گولڈ میڈل سے نوازا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں