عمر ایوب خان

سابق حکومت نے گردشی قرضوں کی مد میں قومی خزانہ پر بوجھ ڈالا، عمر ایوب خان

ہری پور( عکس آن لائن )وفاقی وزیر توانائی و پٹرولیم عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے گردشی قرضوں کی مد میں قومی خزانہ پر بوجھ ڈالا، توانائی کے شعبے میں بین الاقوامی کمپنیاں سرمایہ کاری کیلئے خواہشمند ہیں، کرپشن کے خلاف کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی، ملک بھر میں بجلی کے مسئلہ پر ٹیم ورک کے ذریعہ قابو پا لیا گیا،

ضلع ہری پور کے 85 فیصد علاقوں میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے، ضلع ہری پور کیلئے 9 ارب سے زائد کے ترقیاتی منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں، ملکی معیشت ترقی کی جانب گامزن ہے، سرمایہ کاری کے بہترین مواقع فراہم کئے جا رہے ہیں، یونیورسٹی آف ہری پور کیلئے 11 ارب 50 کروڑ روپے جاری کئے جا چکے ہیں، ہنرمند افراد کی ضرورت ہے جس کے تحت لوگوں کو نوکریوں کے مواقع فراہم ہو سکیں گے، ٹیلی فون انڈسٹری کو دوبارہ فعال بنایا جا رہا ہے، این آر ٹی سی، ٹیکسلا ہیوی کمپلیکس اور پی او ایف فیکٹری سی پیک کے تحت ضلع ہری پوری دنیا میں واضح مقام حاصل کر رہا ہے۔

وہ کمشنر ہزارہ سید ظہیرالاسلام کی زیرصدارات آل ٹریڈرز ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری سے خطاب کر رہے تھے۔ عمر ایوب خان نے کہا کہ ضلع ہری پور میں بجلی کے مسئلہ پر قابو پانے کیلئے 132 کے وی اے کے دوگرڈ سٹیشن جبکہ جبکہ حطار کے مقام پر ٹی ٹونٹی گرڈ سٹیشن کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا، ہری پور کی عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا، اس کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتاہے،

انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالج سمیت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی اپ گریڈیشن موجودہ حکومت کا ضلع ہری پور کیلئے تحفہ ہے، ضلع ہری پور میں ٹریفک کے مسئلہ پر قابو پانے کیلئے دو اوور ہیڈ برج تعمیر کئے جائیں گے، کم وولٹیج اور لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے بجلی کی نئی لائنوں سمیت ٹرانسفارمر کی اپ گریڈیشن جاری ہے، ہری پور کی عوام کی مشاورت سے ضلع ہری پور کیلئے مزید میگا پراجیکٹ شروع کئے جا رہے ہیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر مواصلات اکبر ایوب خان، یوسف ایوب خان، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر، ڈی پی او ڈاکٹر زاہداللہ جان، اے سی غلام مجتبی بھروانہ، ایس پی شعبہ تفتیش آصف گوہر خان، ایس پی ٹریفک وارڈن ہزارہ طارق خان، صدر اے ٹی اے افتخار امین خان، جنرل سیکرٹری تنویر احمد خان، صدر چیمبر حاجی فخر عالم، سیٹھ خالد محمود، شوکت جاوید، چوہدری صدیق، سیٹھ فضل الرحمن، ملک طاہر محمود، عامر سلطان، مصطفی، مطلوب الرحمن، حیات خان، نذیر اعوان، حمید اعوان سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں