میاں محمود الرشید

سابق حکمرانوں کی کرپشن کی داستان کئی جلدوں پر محیط ہے‘میاں محمود الرشید

لاہور(عکس آن لائن) وزیرہاؤسنگ و اربن ڈویلپمنٹ پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ سابق حکمرانوں کی کرپشن کی داستان کئی جلدوں پر محیط ہے۔ ہر آنے والے دن میں سابق حکمرانوں کی کرپشن کی داستان کے نئے باب کھلتے جا رہے ہیں۔ اپنے بیان میں میاں محمود الرشید نے کہا کہ معلوم ہوتا ہے سابق حکمرانوں کے ہر چھوٹے بڑے فرد نے کرپشن کی گنگا میں مزے لے لے کر ڈبکیاں لگائی ہیں۔

شریف خاندان کی چوہدری شوگرملز کے نام پر کی جانے والی کرپشن کی تفصیلات داستان الف لیلیٰ کی طرح دلچسپ اور ہوشربا ہیں۔ قاضی فیملی، شینڈرون جرسی اور دیگرمختلف ناموں کی کمپنیوں کے ذریعے کی جانے والی کرپشن شریف خاندان کے لئے گلے کی ہڈی ثابت ہو گی۔ انہوں نے کہا عجیب بات ہے کہ شریف خاندان نے شوگرملز لگانے کے لئے قرض لیا اور پھر نوازشریف کے وزیراعظم بننے کے بعد وہ قرض معاف کر دیا گیا۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے کرپشن کے خاتمے کا عہد کر رکھا ہے اور کرپشن میں ملوث تمام افراد کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں