سید ناصر حسین شاہ

سائٹ ایریا، 17 سڑکوں کا سنگ بنیاد، 25 کلو میٹر طویل سڑکیں تعمیر ہونگی،سید ناصر حسین شاہ

کراچی(عکس آن لائن ) صوبائی وزیراطلاعات و بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ منصوبے میں25 کلو میٹرز طویل سڑکیں تعمیرکی جائیں گی،صنعتی علاقوں کے تمام مسائل حل کیے جائیں گے، منصوبے کی تکمیل کے بعد انفرااسٹرکچر میں بہتری آئے گی جس سے معیشت مضبوط ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق سید ناصر حسین شاہ اور جام اکرام اللہ دھاریجو نے سیمینس چورنگی پر سائٹ ایریا میں 1037.79 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والی 17 سڑکوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا، اس موقع پر سائٹ ایسوسی ایشن کے پیٹرن ان چیف زبیر موتی والا، پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالقادر خان مندو خیل، رکن صوبائی اسمبلی لیاقت آسکانی ،ایم ڈی سائٹ، ایم ڈی واٹر بورڈ موجود تھے۔

صوبائی وزیراطلاعات و بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے تقریب سے خطاب میں کہاکہ منصوبے میں25 کلو میٹرز طویل سڑکیں تعمیرکی جائیں گی جس پر پی سی ون کے مطابق 1037.97 ملین روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے، صنعتی علاقوں کے تمام مسائل حل کیے جائیں گے، منصوبے کی تکمیل کے بعد انفرااسٹرکچر میں بہتری آئے گی جس سے معیشت مضبوط ہوگی، کراچی کے لیے رواں مالی سال بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے 100 ارب مختص کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صنعتی علاقوں میں پانی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے صنعت کاروںکوسب سوائل پانی کے لائسنس دینے کے لیے تیارہیں، جتنے لائسنس درکار ہیں وہ ہم دینے کے لیے تیار ہیں، صنعتیں چلیں گی تو روزگار کے مواقع پیدا ہوںگے۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ ماضی میں کراچی پر حکومت کرنے والوں نے اس شہر کو بھتہ خوری، بوری بند لاشوں ، کلاشنکوف کلچر اور تباہی کے سوا کچھ نہیں جبکہ پیپلز پارٹی کراچی سمیت پورے صوبے کی ترقی پر یقین رکھتی ہے اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر صوبے بھر کے صنعتی زونز کے انفرااسٹرکچر کو بہتر بنایا جارہا ہے،وفاقی حکومت کی نا اہلی اور ناقص پالیسیوں کے باعث صنعتوںکو بہت نقصان پہنچا ہے اوربیروزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔ قبل ازیں پیٹرن ان چیف سائٹ ایسوسی ایشن زبیر موتی والا نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ان کا دیرینہ مطالبہ پورا ہورہا ہے وہ سندھ حکومت کے مشکور ہیں ایک سڑک بن گئی ہے اورآج 17سڑکوںکی تعمیر کی تختی کا افتتاح ہوا ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں