ریڈیو پاکستان

ریڈیو پاکستان کی عظمت رفتہ بحال کرنے کیلیے اسے جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا،شبلی فراز

اسلام آباد (عکس آن لائن) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وباءکی صورتحال میں ریڈیو کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس کی رسائی ملک کے کونے کونے میں ہے، ریڈیو پاکستان کی عظمت رفتہ بحال کرنے کیلئے اسے جدید خطوط پر استوار کیا جائے گا،

ریڈیو پاکستان رائے عامہ اور قومی ہم آہنگی کا انتہائی موثر ذریعہ ہے، وہ پاکستان براڈکاسٹنگ کارپوریشن ہیڈکوارٹرز کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر نے ریڈیو پاکستان کے نیوز پروگرام اور آرکائیو سمیت مختلف شعبوں کا دورہ کیا اور کام کا جائزہ لیا۔ پی بی سی کی ڈائریکٹر جنرل عنبرین جان نے انہیں ریڈیو پاکستان کے مختلف شعبوں کے طریقہ کار اور کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔ اس موقع پر پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے موجودہ ٹرانس میٹرز کی ڈیجیٹلائزیشن اور اپ گریڈیشن کا بھی جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر نے سیکریٹری اطلاعات کو ہدایت کی کہ وہ پہلے مرحلے میں موجودہ 100 اور 400 کلو واٹ کے اے ایم ٹرانس میٹرز کو ڈی آر ایم پر منتقل کرنے کے عمل کو تیز کریں۔ وزیر اطلاعات نے ریڈیو پاکستان کے صوت القرآن چینل کی بھی تعریف کی۔

وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریڈیو پاکستان سے ان کی خصوصی وابستگی ہے کیونکہ میرے والد احمد فراز نے اسی ادارے سے اپنے کیئریر کا آغاز کیا تھا، ریڈیو پاکستان کا ماضی انتہائی شاندار ہے اور ہم ان عظیم روایات کو دوبارہ بحال کریں گے،

ریڈیو پاکستان نے عالمی شہرت کے حامل فنکار تیار کیے جو ہمارا اثاثہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان کے ذریعے ملک کی عظیم ثقافت تاریخ اور قومی ورثے کو اجاگر کیا جائے گا۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ کورونا وائرس کی صورتحال کے بارے میں کہا کہ لاک ڈاون میں نرمی کے وزیراعظم عمران خان کے اعلان کا مقصد دیہاڑی دار محنت کش طبقے کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے مزدوروں جو کہ معاشی بندشوں سے پریشان ہیں ان کے لئے لاک ڈاون کو مرحلہ وار کھولنے کا اعلان کیا،

ہمیں کورونا وائرس کے ساتھ ساتھ بھوک و افلاس کے خطرے کا بھی سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاو¿ن میں نرمی توازن پیدا کرنے کیلئے ضروری تھی، عوام سے اپیل ہے کہ وہ لاک ڈاو¿ن میں نرمی کے دوران سخت احتیاطی تدابیر اپنائیں اور سماجی فاصلہ برقرار رکھیں، سیکریٹری اطلاعات اکبر حسین درانی بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں