شاہ سلمان

رمضان میں اجتماعی عبادات نہ ہونے پر افسوس ہے، شاہ سلمان

ریاض(عکس آن لائن) سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے کہا ہے کہ ان حالات میں رمضان المبارک کی آمد پر اجتماعی عبادات نہ ہونے پر افسوس ہے۔رمضان المبارک کی آمد پر جاری بیان میں سعودی فرماں روا شاہ سلمان نے سعودی شہریوں اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد دی۔

اپنے بیان میں شاہ سلمان نے کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی مشکل صورتحال پر قابو پانے کے لیے سخت محنت پر زور دیا۔سعودی فرماں روا نے کورونا وائرس کی وجہ سے رمضان المبارک میں عبادات میں پیش آنے والی مشکلات پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ دوسری جانب خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز نے دنیا کے 18ممالک میں کم وبیش 10لاکھ روزہ داروں کو افطار کرانے کے لیے مختص بجٹ میں اضافے کی منظوری دیدی ہے۔

سعودی خبررساں ادارے کے مطابق وزیر اسلامی امور، دعوت و ارشاد شیخ ڈاکٹر عبد اللطیف بن عبد العزیز ال الشیخ نے شاہ سلمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک میں روزہ افطار کرانے کا منصوبہ سعودی عرب کی طرف سے ہر سال کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ’امسال شاہ سلمان نے کورونا بحران کے باعث اپنے مسلمان بھائیوں کی ضرورت کو مد نظر رکھتے ہوئے مختص بجٹ میں اضافے کی منظوری دی ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ ’یہ منصوبہ 18ممالک میں سعودی سفارتخانوں اور اسلامی مراکز کی نگرانی میں ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں