فرانسیسی صدر میکرون

رفح سے شہریوں کا جبری انخلا جنگی جرم ہوگا ، فرانسیسی صدر میکرون

پیرس(عکس آن لائن)فرانس کے صدر میکرون نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے کہا ہے کہ رفح سے شہریوں کا جبری کیا گیا انخلا ایک جنگی جرم کے طور پر دیکھا جائے گا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق فرانس کے صدر نے رفح پر ممکنہ اسرائیلی حملے کے خلاف ایک بار پھر اپنے موقف کا اظہار کر رہے تھے۔رفح اس وقت غزہ کی اکثریتی آبادی کے لیے پناہ گاہ بن چکا ہے۔ جہاں کم ازکم 15 لاکھ لوگ غزہ جنگ کی وجہ سے پناہ لینے پر مجبور ہوئے ہیں۔

میکرون نے نیتن یاہو کو رفح جنگ کے بارے میں اپنے موقف سے ٹیلیفون کال پر آگاہ کیا۔اس موقع پر میکرون نے اسرائیل کی طرف سے مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی تعمیر کے لیے 800 ہیکٹر زمین پر قبضے کی بھی مذمت کی۔اپنی فون کال کے دوران میکرون نے نیتن یاہو کو بتایا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ کی جنگ بندی کے سلسلے میں ایک قرارداد پیش کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ اسرائیل انسانی بنیادوں پر امداد کی ترسیل کے لیے تمام راہداریوں کو کھول دے۔اسرائیل کے رفح پر ممکنہ حملے کے خلاف عالمی سطح پر غیرمعمولی ردعمل اور دبائو کی کیفیت پائی جاتی ہے اور انتباہ کیا جا رہا ہے کہ ایسے حملے کے نتیجے میں انسانی ہلاکتوں کی تعداد بہت زیادہ ہوجائے گی اور ایک بڑے انسانی بحران کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں