حضرت علامہ محمد الیاس عطاری

دعوت اسلامی پاکستان سمیت دنیا بھر میں لوگوں کی بھرپور انداز میں مدد کرنے کا اعلان کرتی ہے،علامہ محمد الیاس عطاری

وزیرآباد (نمائندہ عکس آن لائن ) امیر اہلسنت حضرت علامہ محمد الیاس عطاری قادری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں کورونا وائرس کے نام سے ایک وبا پھیلی ہوئی ہے جس میں لاکھوں افراد متاثر ہوئے ہیں اس مشکل اور کٹھن وقت میں دعوت اسلامی پاکستان سمیت دنیا بھر میں لوگوں کی بھرپور انداز میں مدد کرنے کا اعلان کرتی ہے،

اس کار خیر میں دعوت اسلامی کے ہزاروں کارکن حصہ لیں گے، امدادی پیکیج میں کھانا اور راشن تقسیم کیا جائے گا، یہ امدادی پروگرام موجودہ حالات میں اور آئندہ بھی غریب و نادار مسلمانوں کی مدد کرتا رہے گا۔امیر اہلسنت نے کہا کہ آج دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وجہ سے جو حالات ہیں وہ سب پر آشکار ہیں،اس سے متوسط طبقہ خاص طور پر آزمائش میں ہے، ہم ہمیشہ غریبوں کے ساتھ رہیں ہیں، موجودہ صورتحال میں بھی ہماری یہ سوچ بنی کہ ہم اپنے غریب مسلمانوں کی اس کٹھن وقت میں مدد کی کوئی صورت کریں ِ۔

امیر اہلسنت نےکہا کہ جو افراد روز کماتے اور کھاتے ہیں وہ ان حالات میں کافی مشکل میں ہیں لہذا صاحب ثروت افراد دل کھول کر ان غریبوں کی مدد کریں یاد رکھیں کہ اللہ پاک پریشان حالوں کی مدد کرنے والے کی مدد فرماتا ہے، کروڑوں مسلمان اس وقت تکلیف میں،ان کی مدد کریں آپ کا دیا ہوا مال دنیا وآخرت میں کام آئے گا، اللہ کریم اپنی راہ میں دیا ہوا قبول فرمائے۔ امیر اہلسنت نے کہا کہ جن لوگوں کو اللہ پاک نے نوازا ہے وہ اپنی حیثیت کے مطابق آقا کی امت کی مدد کریں کیونکہ جس وقت آپ کو مدد کی ضرورت ہوگی یہ نیکی اس وقت آپ کے کام آئے گی لہذانیکی کے کاموں میں دیر نہیں کرنی چاہئے، نفس وشیطان رکاوٹ ڈالیں گے مگر آپ ہمت کرکے نیک کام کریں، اللہ کریم ہم کو گن گن کر نہیں بلکہ بے شمار عطا فرماتا ہے، اللہ کی راہ میں دیں، اس سے آپ کی مصیبتیں دور ہوجائیں گی، یاد رکھیں اللہ کی راہ میں خرچ کرنے سے مال کم نہیں ہوتا بلکہ بڑھتا ہے۔

امیر اہلسنت نے دنیا بھر کے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ اس مشکل وقت میں ہمارے ساتھ مل کر امت کی خیر خواہی کریں، اپنی زکوٰة و صدقات سے تعاون فرمائیں تاکہ دعوت اسلامی اپنے دنیا بھر میں پھیلے نہایت وسیع نیٹ ورک کے ذریعے بہت بڑے پیمانے پر بطور خاص موجودہ حالات میں اور عمومی طور پر بھی غریب،حاجت مند علم ا ور دین کے خادموں کی شرعی احکام کی روشنی میں مددکر سکے۔ جو کسی بندے کی ضرورت پوری کرے اللہ پاک اس کی قیامت کے دن حاجت پوری کرے گا،جو کسی مسلمان کی دنیا وی تکلیف دور کرتا ہے تو اللہ عزوجل قیامت کے دن اس کی تکلیف دور فرمائے گا لہذا دعوت اسلامی کے ساتھ ملکر غریبوں اور مسکینوں کی مدد کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں