وزیراعظم

درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلیے سب کو اکھٹا ہونا پڑے گا، وزیراعظم

اسلام آباد(عکس آن لائن ) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ٹھوس اور مثبت فیصلے کیے جائیں جبکہ اس حوالے ہم سب کو اکھٹا ہونا پڑے گا۔

وزیراعظم پاکستان ایک روزہ دورے پر آج مظفرآباد پہنچے جہاں آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم نے شہباز شریف کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق کے درمیان ملاقات ہوئی۔

حالیہ برفباری اورطوفانی بارشوں سےمتاثرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حلف اٹھانے کے بعد معیشت کے بہتری کے لیے مسلسل مشاورت اورغور و خوض کا سلسلہ جاری ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر میں بحالی کے کاموں کی تکمیل تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ وزیراعظم نے برفباری اور بارشوں کے نتیجے میں جاں بحق افراد کے لواحقین کو فی کس 20 لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے پانچ لاکھ روپے امداد دینے کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نے مکمل تباہ ہونے والے مکانات کے مالکان کو سات لاکھ جبکہ جزوی طور پر تباہ ہونے والے مکانوں کی تعمیر کے لیے ساڑھے تین لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا۔ وزیراعظم نے یقین دلایا کہ 13 مارچ تک تمام رقوم متاثرین تک پہنچائی جائیں۔ وزیراعظم شہباز شریف نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے مطالبے پر کسی بھی ہنگامی صورت حال میں ریسکیو کیلئے ہیلی کاپٹر دینے کا بھی اعلان کیا۔

اپنے دورے کے موقع پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کی طرف سے آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کو پاکستان کی جموں و کشمیر کے لیے غیر مشروط حمایت کی یقین دہانی کرائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جد وجہد میں ہم ان کے شانہ بہ شانہ کھڑے رہیں گے۔

آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم نے عہدہ سنبھالتے ہی آزاد جموں و کشمیر کا دورہ کرنے پر وزیراعظم پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آج آپ کا بارشوں سے متاثرہ افراد کے ساتھ ملاقات کے لیے یہاں آنا یہ ظاہر کرتا ہے کہ پاکستانیوں کے دل اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں