خورشید شاہ

خورشید شاہ کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہ کرنے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ

اسلام آ باد (عکس آن لائن ) اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے خورشید شاہ کے پروڈکشن آرڈرز جاری نہ کرنے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔

ہائی کورٹ میں پیپلز پارٹی رہنما خورشید شاہ کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس اطہر من اللہ نے دلائل کے بعد فیصلہ محفوظ کیا خورشید شاہ کی جانب سے عدالت میں ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے دلائل دیئے۔ عدالت نے کہا پروڈکشن آرڈر سے متعلق رول 108 کے تحت اختیار اسپیکر قومی اسمبلی کا ہے، عدالت اسپیکر قومی اسمبلی کو کوئی ہدایت جاری نہیں کر سکتی۔ خورشید شاہ نے کہا کہ آرٹیکل 69 کے تحت پروسیڈنگ سے استثنی کا معاملہ ڈویژن بینچ کے سامنے ہے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ نے کہا کہ اس کورٹ نے واضح کیا ہے کہ 108 کے اختیار کے خلاف رٹ جاری نہیں ہو سکتی۔ عدالت نے استفسار کیا آپ اسپیکر کے پاس گئے ہیں؟ آپ نے اپوزیشن لیڈر کے ذریعے معاملہ اسپیکر کے سامنے رکھا ہے؟ ۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے مزید کہا کہ عدالتی مداخلت سے پارلیمنٹ کی بے توقیری ہو گی، اسی لیے آئین نے روکا ہے، ہم اس کی تہہ میں بھی نہیں جانا چاہتے، کورٹ کو پارلیمنٹ کا بہت احترام ہے۔ عدالت عالیہ نے فاروق ایچ نائیک کے دلائل کے بعد درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں