سینیٹ انتخابات

حکومت کا سینیٹ انتخابات ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے کا خیر مقدم

اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی حکومت نے سینیٹ انتخابات سے متعلق ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے تاریخی، خوش آئند اور زبردست قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ ‘الیکشن کمیشن ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے شفافیت یقینی بنائے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا کہ سپریم کورٹ کا فیصلہ تاریخی ہے جس میں بظاہر یہی لگتا ہے کہ انتخابات آئین کی دفعہ 226 کے تحت ہوں گے لیکن ساتھ ہی سپریم کورٹ نے اس بات کی نشاندہی کی کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے ہر اقدام اٹھائے اور ووٹ کی رازداری حتمی نہیں ہے۔سینیٹ انتخابات سے متعلق ریفرنس پر سپریم کورٹ کی رائے سامنے آنے کے بعد انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سے ہم یہ درخواست کرتے ہیں کہ بیلٹ پیپر میں ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے چاہے بار کوڈ کے ذریعے ہوں یا سیریل نمبر کے ساتھ ہو اس بات کو یقینی بنائیں کہ سپریم کورٹ کی رائے کی روشنی میں ووٹ کی رازداری دائمی نہ ہو، وقت کے تقاضے اور ہیں اور زمینی حقائق اور ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب اتنے بڑے ادارے کے اراکین کے انتخابات میں شفافیت پر سوال اٹھیں گے تو ان کی اخلاقی حیثیت کمپرومائز ہوتی ہے اور جو پیسے کے زور پر آتے ہیں وہ اپنے، گروہی اور کاروباری مفادات کے خلاف کوئی قانون سازی نہیں کرسکتے کیوں کہ ان کے ذاتی مفاد ان کے آڑے آتے ہیں جس کے نتیجے میں ملک اور عوام کی بہتری کے لیے فیصلے نہیں ہو پاتے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہم نے یہی دیکھا ہے کہ ہمارا ملک تمام تر وسائل ہونے کے باوجود اخلاقی اور معاشی طور پر وہ ترقی نہیں کرسکا جس کا وہ حقدار ہے اور اس کا آغاز پارلیمان سے ہوتا ہے، اسی وجہ سے ہم سپریم کورٹ گئے اور آئین کی دفعہ 226 کی وضاحت چاہی، پارلیمان میں بل پیش کیا اور صدارتی ریفرنس جاری کیا۔انہوںنے کہاکہ اس سب کا بنیادی مقصد یہ تھا کہ کہ عملی طور پر کیا اقدامات جائیں اور آئین کی تشریح کا واحد پلیٹ فارم یعنی سپریم کورٹ اس میں ہماری رہنمائی کرے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے جو آئین کی تشریح مانگی تھی وہ بہت اچھا فیصلہ تھا، ہماری پارٹی اور عمران خان کی 22 سالہ جدوجہد کا یہ ایک اہم سنگ میل ہے کیوں کہ ہم شفافیت اور بدعنوانی سے پاک معاشرے کا نطریہ لے کر نکلے تھے اور یہ وہ عملی اقدامات ہیں جو اس سلسلے میں ہماری حکومت نے اٹھائے۔سینیٹر شبلی فراز نے کہ ہم مسلسل 2 نظریوں کی جنگ لڑرہے ہیں، ایک نظریہ یہ کہ ملک اسی طرح چلے جیسے چلتا آرہا ہے جس کی سربراہی اپوزیشن کررہی ہے جس نے ہمیشہ ضمیر خریدنے کی سیاست کی ہے وہ تاریخ کے بائیں جانب کھڑے تھی جبکہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت تاریخ کے دائیں جانب کھڑی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے تھے کہ ہر منتخب نمائندہ وہ پیسے کے بجائے اہلیت کی بنیاد پر پارلیمان میں آئے اور ان کے ذاتی مفادات راہ میں رکاوٹ نہ بنیں اور وہ عوام کی بہتری کے لیے فیصلے کرسکیں۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پرانا پاکستان،جس میں پیسے کا زور ہوں، میرٹ اور شفافیت کا قتل عام ہو اور ایک جانب تحریک انصاف ہے جو چاہتے ہیں کہ سینیٹ انتخابات شفاف طریقے سے ہو، جمہوریت کا حقیقی مقصد یہی ہے کہ عوم کے نمائندے عوام کی خدمت کریں اور عوام کے مفاد کے لیے کام کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں