جمشید اقبال چیمہ

حکومت چھوٹی ،درمیانے درجے کی صنعتوں اور زرعی شعبے کو ہر ممکن وسائل مہیا کررہی ہے ‘ جمشید اقبال چیمہ

لاہور(عکس آن لائن)انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں اور زرعی شعبے کو اپنے پائوں پرکھڑا کرنے کیلئے ہر ممکن وسائل مہیا کررہی ہے ،معیشت کو نقصان سے بچانے کیلئے سرکاری اداروں میں اصلاحات کے عمل کوتیز کیا جارہا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت آئندہ مالی سال کیلئے اپنی ترجیحات کا تعین کر رہی ہے کیونکہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم نے ہر کام سوچ سمجھ کر اور حکمت عملی کے تحت کرنا ہے تاکہ اس کے نتائج برآمد ہو سکیں۔

جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت ہر طرح معاونت فراہم کرتے ہوئے نجی شعبے کو اپنے ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے اور اس کیلئے شراکت داری کے فارمولے کو اپنایا جارہا ہے جس سے مختلف شعبے ترقی کریں گے اور روزگار کے مواقع ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت ملکی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول کیلئے بھی کوشاں ہے اور امید ہے کہ آنے والے مہینوں میں مثبت پیشرفت ہو گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بیرون ممالک بیروزگار ہونے والے پاکستانیوں کیلئے بھی فکر مند ہے اور انہیں مشکلات سے بچانے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک قوم بن کر اس مشکل وقت کا مقابلہ کرنا ہے اور مایوس ہونے کی بجائے موجودہ حالات کو اپنی طاقت بناناہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں