حکومت

حکومت نجی شعبے کے ہمراہ وفود کی سطح پر دوروں ، سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد کو پالیسی کا حصہ بنائے ‘ کارپٹ ایسوسی ایشن

لاہور( عکس آن لائن)پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سینئر وائس چیئرمین ریاض احمد نے گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کے بزنس کمیونٹی کے ہمراہ ازبکستان کے دورے کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے اقدامات برآمدات کے فروغ میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں،حکومت نجی شعبے کے ہمراہ وفود کی سطح پر اس طرح کے دوروں اور سنگل کنٹری نمائشوں کے انعقاد کو پالیسی کا حصہ بنائے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اس کیلئے خصوصی فنڈز مختص کئے جائیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایسوسی ایشن کے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف ،سینئر مرکزی رہنما عبد اللطیف ملک، محمد اکبر ملک، سعید خان، میجر (ر)اختر نذیر، دانیال حنیف، فیصل سعید خان ، میاں عتیق الرحمان،علی منظور ملک سمیت دیگر بھی موجود تھے ۔

ریاض احمد نے کہا کہ کورونا وبا تھمنے کے بعد جو بھی حکومتی شخصیات بیرون ممالک دورے کریں انہیں چاہیے کہ برآمدی شعبوں سے وابستہ لوگوں کو اپنے ہمراہ لے کر جائیںجس سے نہ صرف حکومتی سطح پر وفود کی ملاقاتیں یقینی ہو سکیں گی بلکہ اس سے پائیدار معاہدے کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ان دوروں سے قبل بیرون ممالک پاکستانی سفارتخانے مکمل سٹڈی رپورٹ تیار کریں اور پاکستانی برآمد کنندگان کو اس ملک کی درآمدات کے حوالے سے بریفنگ دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو وفود کی سطح پر بیرونی دوروں اور سنگل کنٹری نمائشوں کو اپنی پالیسی کا حصہ بنانا چاہیے اور اس کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں خصوصی فنڈز مختص کئے جائیں جس کے پاکستانی برآمدات کے لئے دورس نتائج برآمد ہوں گے ۔ ریاض احمد نے کہا کہ ہم اسٹیک ہولڈرز ہونے کی وجہ سے نیک نیتی کے ساتھ حکومت کو تجاویز دیتے ہیں جنہیں زیر غور لانا چاہیے تاکہ ہمارا ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو سکے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں