بلاول

حکومت بینظیر انکم سپورٹ سے متعلق فیصلہ فوری واپس لے، بلاول

کراچی(عکس آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کی جانب سے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے 8 لاکھ سے زائد افراد کے نام خارج کرنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

اپنے مذمتی بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر بنانے والے الیکشن منشور سے پہلے ہی یوٹرن لے چکی ہے، تجاوزات کے نام پر بے گھر اور بے روزگار ہونے والوں کے معاملے سے بھی حکومت آنکھیں چرا رہی ہے، غریبوں پر جاری معاشی حملوں کی ذمہ دار وفاقی کابینہ ہے، لوگوں کے بے گھر ہونے، اپنے بچوں کی خوراک کیلئے پریشان خواتین کے معاملے پر حکمرانوں کی خاموشی جرم ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ان خواتین کے لیے لائف لائن ہے جو اپنے بچوں کی خاطر فاقہ کشی کرنے پر مجبور ہوتی ہیں۔

بلاول بھٹو نے خبردار کیا کہ حکومت فوری طور پر فیصلہ واپس لے ورنہ پیپلز پارٹی ہر فورم پر اس کی شدید مخالفت کرے گی، پیپلز پارٹی موجودہ حکومت کی عوام دشمن اور خواتین دشمن پالیسیوں پرعمل درآمد ہونے نہیں دے گی، انہوں نے کہا کہ حکومت کا ہر وہ ممبر جو اس معاملے پر خاموش ہے وہ غریبوں کے معاشی قتل کے جرم میں برابر کا مجرم ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں