حماس

حماس کے پارلیمانی بلاک کا فلسطینی وزراعظم اشتیہ سے استعفے کا مطالبہ

غزہ(عکس آن لائن)اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے پارلیمانی بلاک اصلاح وتبدیلی نے فلسطینی اتھارٹی کے وزیراعظم محمد اشتیہ سے استعفی دینے اور آنیوالے انتخابات تک مجلس قانون ساز کو فعال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق حماس کے پارلیمانی بورڈ کے ہونے والے اجلاس میں عباس ملیشیا کے ہاتھوں فلسطینی دانشور نزار بنات کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے ان کے قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا۔بیان میں کہا گیا کہ نزار بنات کے قتل کے بعد ان کی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں ثابت ہوگیا ہے کہ انہیں گرفتاری کے بعد بے دردی سے تشدد کا نشانہ بنا کر موت کے گھاٹ اتارا گیا ہے۔ اس مجرمانہ واقعے کے بعد محمد اشتیہ کو وزارت عظمی کے عہدے پر فائز رہنے کا کوئی حق نہیں۔ قوم کسی صورت میں رام اللہ اتھارٹی کے نام نہاد سیکیورٹی اداروں کا یہ دعوی نہیں مانے گی کہ بنات طبیعی موت سے فوت ہوئے ہیں۔

پارلیمانی بلاک نے کہا کہ نزار بنات کا تشدد کے ذریعے قتل فلسطینی اتھارٹی کے چہرے پر بدنما داغ ہے۔ اس واقعے نیثابت کردیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی تنقید کرنے والے کسی بھی فلسطینی شہری کو ہمیشہ کے لیے خاموش کرنے کی خاطر اس طرح کے مجرمانہ ہتھکنڈوں کے استعمال کی ظالمانہ پالیسی پرعمل پیرا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ نزار بنات کو قتل کرکے فلسطینی قوانین، اخلاقیات اور انسانی اصولوں کا جنازہ نکالا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں