وزیر مذہبی امور

حج انتظامات کی بروقت تکمیل کے لئے دن رات کام کرنا ہوگا، وزیر مذہبی امور

اسلام آباد (عکس آن لائن)وفاقی وزیر مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہٰ محمود نے وزارت مذہبی امور کو ہدایت کی ہے کہ حج انتظامات کی بروقت تکمیل کے لئے دن رات کام کرنا ہوگا، حجاج کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائیگا۔ بدھ کو وزارت مذہبی امور میں اپنی زیر صدارت ہونے والے حج انتظامات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حج انتظامات کے حوالے سے اپنے حالیہ دورہ سعودی عرب کے دوران ہونے والی ملاقاتوں کے بارے میں اجلاس کو آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ حجاج کو سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا اور حجاز مقدس میں پاکستانی عازمین حج کے لئے انتظامات کو اچھے انداز میں حتمی شکل دینے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے وزارت مذہبی امور کو ہدایت کی کہ حج انتظامات کی بروقت تکمیل کے لئے دن رات کام کرنا ہو گا۔ قبل ازیں سیکرٹری مذہبی امور آفتاب اکبر درانی نے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے عازمین کو حجاز مقدس روانہ کرنے کے لئے حج انتظامات پر تیزی سے پیش قدمی جاری ہے۔ حجاج کرام کی بائیو میٹرک 28 اپریل تک مکمل ہو گی۔ عازمین سے ان کے کا ر آمد پاسپورٹ بھی 28 اپریل تک طلب کئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے تمام 10 حاجی کیموں کے زیر انتظام مناسک حج اور انتظامی امور کی تربیت کا آغاز جمعرات 27 اپریل سے شروع ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ تحصیل اور ضلع کی سطح پر منعقدہ حج تربیت میں شرکت تمام عازمین حج پر لازمی ہے۔ انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ توقع ہے کہ 20 مئی سے حج پروازوں کا آغازہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سے آخری حج پرواز 21 جون کو روانہ ہو گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں