افتخار علی ملک

جی ایس پی پلس میں دو سال کی توسیع کے حصول میں گورنر پنجاب کی کوششیں قابل تحسین ہیں‘ افتخار علی ملک

لاہور(عکس آن لائن)بزنس کمیونٹی نے یورپی یونین سے جی ایس پی پلس میں دو سال کی توسیع کے حصول میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی نتیجہ خیز کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نامزد صدر افتخار علی ملک نے اپنے ایک بیان میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کی اس ضمن میں خدمات کو سراہتے ہوئے تاجر برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اس موقع سے بھر پور فائدہ اٹھانے کیلئے اپنی برآمدات کو متنوع بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ 2014 میں جی ایس پی پلس کا درجہ ملنے کے بعد یورپی یونین کو پاکستان کی برآمدات میں 65 فیصد اضافہ ہوا ہے اور یہ 2013 میں 4.538 بلین یورو سے بڑھ کر 2019 میں 7.492 بلین یورو ہوگئیں۔

جی ایس پی پلس سے فائدہ اٹھانے والے اہم شعبے ٹیکسٹائل اور ملبوسات ہیں جن سے زرمبادلہ حاصل کرنے کے علاوہ خاص طور پر خواتین کے لئے روزگار کے مواقع بھی مہیا ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب پاکستان 2022 تک خصوصی مراعات کے ساتھ یورپی یونین کے ممالک میں ٹیکسٹائل کا سامان برآمد کرسکتا ہے اور برآمدات کے حجم میں مزید ایک بلین ڈالر کا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیداواری لاگت زیادہ ہونے کی وجہ سے عالمی ٹیکسٹائل اور گارمنٹس مارکیٹ میں چین مشکلات کا شکار ہے جبکہ یورپی یونین تک ڈیوٹی فری رسائی کی وجہ سے ٹیکسٹائل اور گارمنٹس کے شعبے میں پاکستان زیادہ سے زیادہ حصہ لے سکتا ہے اور یہ پاکستان کے ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کے لئے نادر موقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کو اس بات کا احساس ہو گیا ہے کہ مستقبل میں دنیا کی 90 فیصد سے زیادہ اقتصادی ترقی غیر یورپی علاقوں خاص طور پر ایشیا میں ہو گی، ایشیائی معیشتوں میں ترقی اور پھیلاؤ کی بہت زیادہ گنجائش ہے اور یورپ و ایشیا کے مابین معاشی انحصار مزید گہرا ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یورپی یونین کو ایشیائی منڈی کے ساتھ روابط مستحکم کرنے اور اسے تجارت کیلئے کھولنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سارک ممالک مستقبل قریب میں ایک طاقتور معاشی بلاک کے طور پر ابھریں گے اس لئے یہاں کے قدرتی اور معدنی وسائل کے بہتر استعمال اور اسے یورپی یونین کی طرز پر ایک تجارتی بلاک کے طور پر مستحکم کرنے کی اشد ضرورت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں