شیری رحمان

جنوبی پنجاب کے لوگ ریلیف کے منتظر ہیں ، پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر عمران خان کو بنی گالا سے جلسہ گاہ پک اینڈ ڈراپ دے رہاہے، شیری رحمن

اسلام آباد (نمائندہ عکس)وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہاہے کہ جنوبی پنجاب کے لوگ ریسکیو اور ریلیف کے منتظر ہیں ، پنجاب حکومت کا ہیلی کاپٹر عمران خان کو بنی گالا سے جلسہ گاہ پک اینڈ ڈراپ دے رہاہے۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہاکہ اس وقت ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب ہے، 80 اضلاع آفت زدہ قرار دئے گئے ہیں لیکن عمران خان سیلاب متاثرین کو نہیں، اپنا بیانیہ زندہ رکھنے کے مشن پر ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ ملک میں 33 ملین سے زائد لوگ متاثر، 1265 لوگ جاں بحق، 14 لاکھ سے زائد گھر تباہ ہوئے ہیں مگر عمران خان جلسوں میں مصروف ہیں، لاکھوں لوگ کھلے آسمان تلے امداد کے منتظر ہیں لیکن عمران خان کہتے ہیں وہ قوم کو انقلاب کے لئے جگا رہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان صرف سندھ اور بلوچستان کو نہیں بلکہ پنجاب اور کے پی کے سیلاب زدگان کو بھی پیغام دے رہے ہیں کہ ان کو بس اپنی سیاست سے غرض ہے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ ان کو عوام کی مشکلات اور زندگیوں سے کوئی سروکار نہیں، سندھ اور بلوچستان میں نا صحیح ان کو پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں سیلاب متاثرین کی امداد پر توجہ دینی چاہیے ۔

وفاقی وزیر نے کہاکہ جنوبی پنجاب کے لوگ ریسکیو اور ریلیف کے منتظر ہیں مگر پنجاب حکومت کا ہلی کاپٹر عمران خان کو بنی گالا سے جلسہ گاہ پک اینڈ ڈراپ دے رہا۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ عمران خان خود غرضی کی عینک اتار کر دیکھیں ملک میں کیا صورت حال ہے، وہ اس وقت بھی لوگوں کو نفرت اور انتشار پر اکسا رہے ہیں،یہ جلسوں کا نہیں زندگیاں بچانے کا وقت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں