ناصر حسین شاہ

جب عمران نیازی کو حکومت دلوائی گئی تو ملک معاشی طور پر کمزور نہیں تھا، ناصر حسین شاہ

کراچی (نمائندہ عکس) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی طرزِ حکمرانی آمرانہ اور مشترکہ سوچ سے آری تھی، جب عمران نیازی کو حکومت دلوائی گئی تو ملک معاشی طور پر کمزور نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت دیوالیہ ہونے کی بات کرنا تو دور کی بات کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا، عمران نیازی کے اپنے ایف بی آر کے چیئرمین نے ملک کو دیوالیہ پن کی حالت میں پہنچنے کا ذکر کیا، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ عمران حکومت معیشت سنبھالنے اور اس کو چلانے میں ناکام ہوئی۔

ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عمران کو پتا تھا وہ لائے گئے ہیں، اس لیے اپنا پورا دور دوبارہ حکومت میں آنے کی حکمت عملی میں گنوایہ، تارکین وطن کو ووٹ کا حق، ای وی ایم اور مخالفین کو این اے بی میں پھسانہ ان کی حکمت عملی تھی۔ وزیر بلدیات سندھ نے کہا ہے کہ اس قسم کے فیصلے اکیلے نہیں بلکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ہوتے ہیں، عمران کے وزرا صرف ٹی وی پر جگت بازی اور مخالفین کی کردار کشی میں مصروف رہے۔ انہوں نے کہا کہ جب نیازی حکومت گری تو اس کا انتقام انہوں نے آئینی بھران پیدا کر کے ریاست سے لیا، ملک کا صدر ریاست کے سربراہ ہونے کے بجائے اپوزیشن لیڈر کا کردار ادا کر رہا ہے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ اب اتحادی حکومت آئینی اور معاشی اصلاحات کرنے کے بعد انتخابات کرائیگی، اب یہ ملک کسی نئے تجربے یا غیر سنجیدہ اقدام کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ وزیر بلدیات سندھ نے کہا ہے کہ تمام ریاستی اداروں کو ملک کی معاشی، آئینی اور سیاسی استحکام کے لیے ایک دوسرے کا ساتھ دینا ہوگا، اگر اب بھی ہم حالات سے نہیں سیکھے تو ہمیں سری لنکا کے حالات کو ایک بار سمجھنا ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں