اسلام آباد ( عکس آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ توانائی کا شعبہ ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے، صارفین اور صنعتوں کو مناسب قیمت پر بجلی کی فراہمی اہم ترجیح ہے، ماضی میں مہنگے معاہدوں، انتظامی اصلاحات بروقت نہ کرنے سے چیلنجز کا سامنا ہے، ماضی کی حکومتوں کی پالیسیوں کا خمیازہ آج عوام بھگت رہے ہیں ،130 یونٹس تک استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔
پیر کو وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ کمی لانے سے متعلق اجلاس ہوا ، اجلاس میں وفاقی وزراءاسد عمر، عمر ایوب، علی حیدر زیدی ، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، معاون خصوصی ندیم بابر، متعلقہ وفاقی سیکریٹریز سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بجلی کی قیمتوں میں ممکنہ کمی لانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ توانائی کا شعبہ ملکی معیشت کی ترقی میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے ۔ صارفین اور صنعتوں کو مناسب قیمت پر بجلی کی فراہمی اہم ترجیح ہے ۔
توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور نقصانات پر قابو پانا اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں مہنگے معاہدوں، انتظامی اصلاحات بروقت نہ کرنے سے چیلنجز کا سامنا ہے ۔ ماضی کی حکومتوں کی پالیسیوں کا خمیازہ آج عوام بھگت رہے ہیں ،130 یونٹس تک استعمال کرنے والے صارفین کو ریلیف فراہم کر رہے ہیں ۔ وزیر اعظم نے کہا کہ عوام کی مشکلات کا بخوبی اندازہ ہے جہاں تک ممکن ہوا عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے گا