ترجمان سندھ حکومت

تنقید کرنے والے جان لیں ہم جھوٹ اور یوٹرن کا سہارا نہیں لیتے، ترجمان سندھ حکومت

کراچی(عکس آن لائن) سندھ حکومت کے ترجمان بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا ہے کہ بے جا تنقید کرنے والے جان لیں ہم جھوٹ اور یوٹرن کا سہارا نہیں لیتے، پیپلزپارٹی ملک کی خدمت پر یقین اور شواہد پر مبنی بات کرتی ہے،

موجودہ گھمبیر حالات مشترکہ جدوجہد کے متقاضی ہیں، پیپلزپارٹی کی قیادت اور سندھ حکومت نے بار بار مل کر کام کرنے کی درخواست کی مگر آپ نے تہیہ کر رکھا ہے کہ نا تو خود کچھ کرنا ہے اور نہ کسی اور کو کچھ مثبت کرنے دینا ہے، بے جا تنقید کرنے والے جان لیں ہم آپ کی طرح جھوٹ اور یوٹرن کا سہارا نہیں لیتے، سندھ حکومت پر تنقید کے جواب میں مرتضی وہاب نے کہا کہ آپ کی اپنی کارکردگی صفر اور کام کرنے والوں پر بے جا تنقید آپ کا وطیرہ بن چکی ہے، شرم و حیا کریں کیونکہ طنزیہ گفتگو اور تنقید سے ملک کی خدمت نہیں ہورہی،

یہ بھی یاد رکھیں کہ پیپلز پارٹی آپ کے بے جا الزامات اور تنقید سے گھبرانے والی نہیں ہے۔بیرسٹر مرتضی وہاب نے بیرون ملک سے آکر سندھ کی طبی سہولیات سے استفادہ کرنے والوں کا ریکارڈ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے جناح اسپتال میں قائم سائبر نائف کے ذریعے کینسر کے مریضوں کا مفت علاج کیا جاتا ہے، اس سہولت سے نہ صرف پاکستانی بلکہ بیرون ملک سے آنے والے59 مریضوں نے بھی استفادہ کیا، ان میں 33 افغانستان، 9 متحدہ عرب امارات اور 4 سعودی عرب کے مریض شامل ہیں، اس کے علاوہ کینیڈا اور کویت کے تین تین افراد کا یہاں مفت علاج کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں