'لاہور چیمبر

تمام جماعتیں سیاسی استحکام کے لیے کردار ادا کریں’لاہور چیمبر

لاہور(عکس آن لائن) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر میاں نعمان کبیر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ سیاسی عدم استحکام معیشت کے لیے مسائل پیدا کرے گا لہذا جتنی جلد ممکن ہو صورتحال بہتر ہوجانی چاہیے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے صدر میاں نعمان کبیر نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت بڑھتی ہوئی مہنگائی، تجارتی خسارہ، بڑھتے ہوئے عوامی قرضوں اور روپے کی قدر میںکمی جیسے شدید معاشی چیلنجز کا سامنا ہے، ایسے میں سیاسی کشیدگی معاشی مسائل میں اضافہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان کے دشمن ہماری یکجہتی اور خودمختاری کے درپے ہیں، سیاسی حلقوں کو دانشمندی سے کام لینا اور ملک کے ساتھ وابستگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے وسیع تر مفاد میں سیاسی جماعتیں اپنے اختلافات دور کریں اور اپنے مسائل پارلیمنٹ کے ذریعے حل کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس صورتحال کا نقصان تجارتی و معاشی سرگرمیوںکو ہورہا ہے، سیاسی جماعتیں ملک کے وسیع تر مفاد میں اپنے اختلافات دور کریں اور اپنے مسائل پارلیمنٹ کے ذریعے حل کرنے کی روش اپنائیں۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ سیاستدانوں کے بیانات اور رویوں کی وجہ سے ملکی معیشت کو بھاری نقصان ہورہا ہے اور معاشی حالات ایسی صورتحال کا بوجھ اٹھانے کے قابل نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام بین الاقوامی سطح پر ملک کی ساکھ بھی خراب کرے گا ، تمام سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کے خلاف محاذ آرائی کے بجائے معیشت کو مضبوط کرنے کے لیے کام کریں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ صورتحال جلد ہی بہتر ہوجائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں