تربوز

تربوز کی منظور شدہ قسم شوگر بے بی کی فصل کاشت کرنے کی ہدایت

فیصل آباد (عکس آن لائن) کاشتکار وں کو 15 فروری سے موسم کو مد نظر رکھ کر تربوز کی فصل کاشت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اورکہاگیاہے کہ تربوز کیلئے موزوں درجہ حرارت 21 سے30ڈگری سینٹی گریڈ ہے لہٰذ ا اگر درجہ حرارت مذکورہ رینج میں ہو تو تربوز کی کاشت شروع کرلینی چاہیے تاہم اسے مارچ کے آخر تک مکمل کیاجاسکتاہے جس کی صورت میں جون جولائی میں پھل پک کر تیار ہو جاتاہے۔ محکمہ زراعت کے ترجمان نے اے پی پی کو بتایا کہ تربوز کی کاشت کیلئے عام اقسام کا صحت مند بیج1کلوگرام فی ایکڑجبکہ دوغلی اقسام کانصف کلوگرام بیج فی ایکڑ استعمال کرناچاہیے ۔

انہوں نے بتایاکہ شوگر بے بی محکمہ کی منظور شدہ قسم ہے جو نسبتاََ کم دنوں میں تیار ہوتی ہے اور یہ اگیتی کاشت کیلئے موزوں ہے ۔انہوں نے بتایاکہ یہ قسم پنجاب کے میدانی علاقوں میں بہت کامیابی سے کاشت کی جاتی ہے تاہم اس کی سب سے زیادہ پیداوار بہاولپور اور اس کے بعد حافظ آباد سے حاصل ہوتی ہے ۔انہوں نے بتایاکہ تربوز کا پھل بڑا رسدار اور میٹھا ہوتاہے جبکہ تربوز میں پانی کی مقدار 92فیصد تک ہوتی ہے اور اس میں بیٹا کیروٹین ، فولک ایسڈ ، وٹامن بی وافر مقدار میں پائے جاتے ہیں جو انسانی صحت کیلئے بہت ضروری ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ تربوز کی کاشت کیلئے زرخیز ریتلی میرازمین جس میں پانی کا نکاس اچھا ہو موزوں ہے نیز کاشت سے ایک ماہ پہلے ہموار کی گئی زمین میں گوبر کی گلی سڑی کھاد 15سے 20ٹن ڈالنے اور اسے یکساں بکھیر کر ہل چلا کر زمین میں اچھی طرح ملانے کے بعد کھیت کو پانی لگانے سے اچھی فصل حاصل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں