جاوید قصوری

تحریک انصاف کی حکومت اپنے ہی لوگوں کے ہاتھوں بلیک میل ہورہی ہے’ جاوید قصوری

لاہور(عکس آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنے ہی لوگو ں کے ہاتھوں بلیک میل ہورہی ہے۔

بلا تفریق احتساب کا نعرہ مذاق بن چکا ہے۔ یہ ثابت ہوگیا ہے کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں بھی احتساب کے نام پر انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ ہر کرپٹ شیخ کے خلاف تادیبی کارروائی بغیر کسی سیاسی دبائو کے کی جانی چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی روک تھام میں حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے۔ ایس او پیز پر عمل در آمد کے لیے فوج طلب کرنا حکومت اور سول اداروں کی ناکامی اور نا اہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ملک میں کرونا کی صورتحال تشویشناک حد تک خطرناک ہوگئی ہے۔ ہسپتالوں میں بیڈ ز اور وینٹی لیٹرز کی کمی کا مسئلہ درپیش ہے۔

آکسیجن کمی کے مسئلے کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنا ہوگا۔ کتنی بد قسمتی کی بات ہے کہ آکسیجن کے سیلنڈروں کی قیمتوں میں اضافہ کرکے کچھ بے ضمیر افراد مال بٹورنے میں مصروف ہیں جبکہ اس حوالے سے بھی حکومت رٹ کہیں نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ ویکسین کی خریداری میں حکومت کی جانب سے مجرمانہ غفلت کا ارتکاب کیا گیا ہے۔ ہمارے ہمسایہ ملک بھارت میں کرونا نے تباہی مچادی ہے۔ اس ساری صورتحال کے پیش نظر ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔

محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو سیکرٹریٹ کے نام پر لالی پاپ دیا گیا ہے۔ وہاں کے عوام کا دیرینہ مطالبہ ہے کہ الگ صوبہ بنایا جائے اور اسی طرح بہاولپور کی بھی صوبائی حیثیت بحال ہونی چاہیے ۔ ہمیشہ جاگیرداروں ، وڈیروں اور سرمایہ داروں نے جنوبی پنجاب کے عوام کے ساتھ انسانیت سوز سلوک کیا ہے اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔ جماعت اسلامی ملک میں انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام کے حق میں ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں