بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

بھارت کا مکروہ چہرہ اب دنیا کے سامنے کھل کر عیاں ہو گیا ہے، بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

اسلام آباد(عکس آن لائن)صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل کے معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کا مکروہ چہرہ اب دنیا کے سامنے کھل کر عیاں ہو گیا ہے۔ 18جون کو کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کو جس وحشیانہ طریقے سے قتل کیا گیا اس کا سارا کٹھا چٹھااور تانے بانے بھارت سے ملے ہیں اور اس کی ساری کہانی گزشتہ روز کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے کینیڈین پارلیمنٹ میں کھول کر رکھ دی۔ ہردیپ سنگھ کو بھارتی خفیہ ایجنسی را نے قتل کرایا اور اس پر کینیڈا نے بھارتی سفارتخانے کے اہلکار جو کہ را کا افسر تھا کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر کینیڈا سے نکال دیا ہے اور اس سارے واقعہ کے حقائق سامنے آنے کے بعد اب دنیا کی آنکھیں کھل جانی چاہیے کہ مودی نہ صرف بھارت میں بلکہ بیرون ممالک میں بھی دہشت گردی کرا رہا ہے اور اس کے سارے ثبوت کینیڈین وزیر اعظم نے گزشتہ روز پارلیمنٹ میں پیش کیے۔

ہم اس پر کینیڈین وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے اپنے تمام سرمایہ دارانہ مفادات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بھارت کے گھناﺅنے چہرے کو دنیا کے سامنے آشکار کر دیا ہے نہ صرف یہ بلکہ کینیڈین وزیر اعظم نے کینیڈین پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گزشتہ دنوں بھارت میں ہونے والی G-20کانفرنس کے دوران بھی مودی سے ہردیپ سنگھ کے قتل میں بھارت کے ملوث ہونے کے بارے میں ذکرکیا اور ان پر واضح کیا کہ یہ قتل بھارت نے کرایا ہے۔ صدر ریاست آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ اب دنیا کے دوسرے ممالک کو بھی کینیڈین وزیر اعظم کی طرح بھارت کی دہشت گردی کی واضح الفاظ میں مذمت کرنی چاہیے جبکہ اس سلسلے میں بالخصوص برطانوی وزیر اعظم نے بھی اس کی مذمت کی ہے اور خود امریکہ نے بھی محتاط طریقے سے اپنا موقف اس سلسلے میں واضح کیا ہے۔

میں دیگر ممالک سے بھی کہوں گا کہ بھارت جو نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں اپنی 9 لاکھ فوج کے ذریعے ریاستی دہشت گردی کر رہا ہے بلکہ خود بھارت میں بھی اقلیتوں پر ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے اور اب اس نے بیرون ممالک میں بھی دہشت گردی شروع کر دی ہے اور لوگوں کو قتل کرا رہا ہے جس طرح سکھوں نے مختلف ممالک میں ریفرنڈم کے ذریعے خالصتان کے حق میں ووٹ دیا اور کینیڈا کا شہر وین کوور جو کہ سکھوں کا گڑھ ہے میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کے قتل پر سکھ احتجاج کے لئے اٹھ کھڑے ہوئے ہیں اور جگہ جگہ احتجاج ہو رہے ہیں۔ 26ستمبر کو نیو یارک میں جب مودی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے لئے آئے گاتو کشمیری اس موقع پرمقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری ریاستی دہشت گردی کے خلاف اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کریں گے تو میں سکھوں سے بھی کہوں گا کہ وہ کشمیریوں کے ساتھ اس مظاہرے میں شریک ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں