منیر اکرم

بھارت نے سی پیک کو ناکام بنانے کے لیے خصوصی سیل قائم کر دیا ہے، منیر اکرم

نیویارک(عکس آن لائن ) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ سی پیک منصوبے کا پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ہے، بھارت نے سی پیک کو ناکام بنانے کے لیے خصوصی سیل قائم کیا ہے۔ مستقل مندوب منیر اکرم نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو پاکستان کی جانب سے ڈوزیئر پیش کرنے کے بعد ورچوئل کانفرنس کر رہے تھے،

انھوں نے کہا بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے، بھارتی دہشت گردی یو این چارٹر اور عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ مندوب نے کہا پاکستان اور چین نے بھارت کو سی پیک معاہدے میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی، لیکن بھارت مسلسل سی پیک کو سبوتاژ کرنے کی کوششیں کر رہا ہے، بھارت پاکستان کی معیشت کو مفلوج کرنا چاہتا ہے، وہ نہیں چاہتا کہ پاکستان ترقی کرے۔ منیر اکرم کا کہنا تھا سی پیک منصوبے کا پاکستان کی ترقی میں اہم کردار ہے، بھارت نے سی پیک کو ناکام بنانے کے لیے خصوصی سیل قائم کیا ہے، اور خطے میں دہشت گردی کوسپورٹ کر رہا ہے، امید ہے عالمی برادری بھارت کو پاکستان میں دہشت گرد کارروائیوں سے روکے گی۔

انھوں نے کہا سیکورٹی کونسل کی ٹیم بھارتی دہشت گرد کارروائیوں کی تحقیق کر رہی ہے، پاکستان کی جانب سے پیش کیاگیا ڈوزیئر یو این تفتیش میں شامل ہوگا۔ منیر اکرم نے کہا کہ بھارت روزانہ ایل او سی پر بھی سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے، ہم نے سیکریٹری جنرل سے بھارتی دہشت گردی ختم کرانے کی درخواست کی ہے، کسی بھی جارحیت کی صورت میں پاکستان دفاع کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف کوششوں کو سیکریٹری جنرل نے سراہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں