بھارت خطے کے امن کو

بھارت خطے کے امن کو دائو پرلگا رہا ہے‘ شاہ محمود قریشی

اسلام آباد (عکس آن لائن) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت خطے کے امن کو دائو پر لگا رہا ہے‘ بھارت متنازعہ علاقوں میں تعمیراتی کام‘ سڑکیں اورفوجی بنکرز بنا رہا ہے جو کہ اس کے توسیع پسندانہ عزائم کو ظاہر کرتا ہے‘

لداخ کے متنازعہ علاقے میں تعمیرات سے بھارت عالمی قوانین کی خلاف ورزیاں کررہا ہے‘ بھارت افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کرتا ہے‘ بھارت مقبوضہ کشمیر سمیت خطے کے تمام متنازعہ معاملات پربات چیت اور مذاکرات کو ترجیح دے ۔

بدھ کے روز وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مشرقی لداخ میں چینی اور بھارتی افو اج کی جھڑپ کے بعد بھارت کے ارادے اچھے دکھائی نہیں دے رہے.

کیونکہ بھارت نے پہلے ہی مقبوضہ کشمیر میں محاذ آرائی کی کیفیت پیدا کی ہوئی ہے جو ظلم ہو رہا ہے وہ سب نے دیکھا اور دیکھ رہا ہے۔

بھارت کا نیپال کے ساتھ رویہ بھی درست نہیں ہے۔ بھارت افغانستان کی سرزمین کو پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ ان تمام حرکات سے خطے کا امن دائو پر لگا ہوا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ بھارت متنازعہ علاقوں میں تعمیراتی کام ‘ سڑکیں اور فوجی بنکرز بنا رہا ہے جو کہ اس کے توسیع پسندانہ عزائم کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 1962ء میں اسی علاقے میں چین اور بھارت مابین جنگ بھی ہو چکی ہے جبکہ آج پھر بھارت نے متنازعہ علاقے میں جارحانہ رویہ اپنایا ہے جس سے پورے خطے کا امن خطرے میں ہے۔

پاکستان کی خواہش ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر سمیت خطے کے تمام متنازعہ معاملات کو بات چیت اور مذاکرات کو ترجیح دے لیکن اس بات کا تعین بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی بھارتی افواج کے سربراہوں کی ہونے والی میٹنگ کے بعد لگایا جا سکے گا.

اپنا تبصرہ بھیجیں