عثمان بزدار

بھارت بے بنیاد الزامات لگا کر خطے کوجنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے، عثمان بزدار

لاہور(عکس آن لائن) وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ بھارت بے بنیاد الزامات لگا کر خطے کوجنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے، شہری آبادی پر حملہ نہایت قابل مذمت فعل ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی، دونوں رہنماوں نے ایل او سی پر بھارتی فوج کی شہری آبادی پر بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی۔وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی فوج کو منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کی جرت کو خراج تحسین پیش کیا۔

اس موقع پر سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پاک فوج نے کئی بھارتی فوجی جہنم واصل کر کے دشمن کو سبق سکھایا، پاکستان کی مسلح افواج وطن کی حفاظت کے لیے ہمہ وقت کمربستہ ہیں۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ بھارت کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاک فوج بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، 22 کروڑ عوام بہادر مسلح افواج کے ساتھ ہے۔سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پاک فوج نے بروقت جوابی کارروائی کرکے دشمن کو بھاری نقصان پہنچایا، بھارت بے بنیاد الزامات لگا کر خطے کوجنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے، شہری آبادی پر حملہ نہایت قابل مذمت فعل ہے ۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ شہری آبادی پر حملہ بین الاقوامی قوانین کی صریحا خلاف ورزی ہے، بھارت بزدلانہ کارروائیاں کرکے کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مظلوم کشمیری عوام کےساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں