بورڈ آف انٹرمیڈیٹ

بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی میٹرک سالانہ امتحانات2020 کا شیڈول جاری

راولپنڈی(عکس آن لائن)بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن راولپنڈی نے میٹرک سالانہ امتحانات2020 کا شیڈول جاری کر دیا ہے جس کے تحت 22فروری سے امتحان کا آغاز ہو گا

چیئر مین بورڈ کے مطابق مذکورہ امتحان میں1لاکھ22ہزار372 طلبا و طالبات شریک ہونگے جن میں65ہزار334 طلبا جبکہ 57ہزار38طالبات شامل ہیں اسی طرح94ہزار700ریگولر جبکہ 27ہزار672پرائیویٹ امیدوار شامل امتحان ہونگے اس ضمن میں راولپنڈی ڈویژن میں 389 امتحانی مراکز قائم کئے گئے ہیں جن میں ضلع اٹک میں 70ضلع چکوال میں84ضلع جہلم میں 62،ضلع راولپنڈی مفصل 103اور راولپنڈی لوکل میں 70امتحانی مراکز قائم کئے گئے اس حوالے سے چیئر مین بورڈ راولپنڈی ڈویژن ڈاکٹر غلام دستگیر کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد کیا گیا جس میں سیکرٹری بورڈ ڈاکٹر تنویر ظفر ،کنٹرولر امتحانات ملک محسن عباس سمیت دیگر بورڈ افسران نے شرکت کی اس موقع پر کنٹرولر امتحانات نے انتظامات کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ میٹرک کے سالانہ امتحان2020 کے لیے بہترین اور فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں امتحان 22فرور ی سے شروع ہوگا

اس حوالے سے تمام ریگولر اور پرائیویٹ امیدواران کو رول نمبر سلپس جاری کردی گئی ہیں ریگولر اُمیدواران کی رولنمبر سلپس اُن کے ادارہ جات کے لوگ ان(Login )پر اَپ لوڈ کر دی گئیں ہیں جبکہ پرائیویٹ اُمیدواران کی رولنمبر سلپس اُن کے داخلہ فارم پر دئیے گئے پتہ جات پر ارسال کردی گئیں ہیں ریگولر اُمیدواران اپنی رولنمبر سلپس اپنے ادارہ جات سے وصول کریں چیئر مین بورڈ ڈاکٹر غلام دستگیر نے امتحان کے سلسلے میں سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے کہا کہ تمام امتحانی مراکز میں عملہ تعینات کردیا گیا ہے تعینات امتحانی عملے کی فہرستیں سپیشل برانچ کو مانیٹرنگ کے لیے ارسال کر دی گئی ہیں تعینات کئے گئے تمام امتحانی عملے کے موبائل فون زیر مشاہدہ( under obswervation )ہوں گے امتحانی مراکز میں موبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی ہوگی امتحانی مراکز کی نگرانی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے کی جائے گی چیئرمین سکواڈ، سپیشل سکواڈ اور انسپکٹرز بھی تعینات کردیئے گئے ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر اپنی رپورٹ چیئرمین آفس کو ارسال کریں گے جن کی رپورٹس کی روشنی میں فوراً کارروائی عمل میں لائی جائے گی

امتحانی مراکز کی سیکورٹی کے لیے متعلقہ ڈی پی اوز کو مراسلہ جات ارسال کر دیئے گئے ہیں شامل امتحان ہونے والے طلبا و طالبات کو بہترین امتحانی سہولیات فراہم کرنااولین ترجیح ہے انہوں نے کہا کہ طلبا و طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے میں خود بھی دور دراز علاقوں میں قائم امتحانی مراکز کا دورہ کروں گا تاکہ طلبا و طالبات کی دلجوئی ہوسکے جبکہ حکومت پنجاب کی طرف سے جاری ایس او پیز( SOP’s)پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں