وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری

بلاول بھٹو کل ازبکستان کے 2 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے

اسلام آباد (عکس آن لائن)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرا کی کونسل کے تاشقند میں ہونے والے 26 ویں اجلاس میں شرکت کیلئے پیر کو ازبکستان کے 2 روزہ سرکاری دورے پر روانہ ہوں گے۔ ایک بیان میں دفتر خارجہ نے بتایا کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرا کونسل کانفرنس کی تھیم رابطے کو مضبوط بنانے کا سال ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بلاول بھٹو اقتصادی تعاون تنظیم کی کونسل سے خطاب کریں گے اور کانفرنس کے موقع پر رکن ممالک کے شریک وزرا اور دیگر رہنماؤں سے الگ الگ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔دفتر خارجہ کے مطابق وزرا کونسل اقتصادی تعاون تنظیم کا پالیسی سازی کا وہ فورم ہے جس نے تنظیم کے فیصلوں اور سالانہ ورک پلان کی منظوری دی، وزرا کی 25ویں کونسل نومبر 2021 میں اشک آباد، ترکمانستان میں منعقد ہوئی تھی۔دفتر خارجہ نے کہا کہ بانی رکن کے طور پر پاکستان اقتصادی تعاون تنظیم کے ساتھ مضبوطی سے پرعزم ہے جس کا مقصد مواصلات، تجارت، ثقافت اور رابطے پر خصوصی توجہ کے ساتھ موثر علاقائی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں