بسمہ معروف

بسمہ معروف ورلڈکپ میں پہلی مرتبہ پاکستان ویمنز ٹیم کی قیادت کریں گی

لاہور (عکس آن لائن)آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 کے لیے اعلان کردہ 15 رکنی قومی خواتین اسکواڈ کی قیادت بسمہ معروف کررہی ہیں۔ یہ پہلی مرتبہ ہوگا کہ کسی بھی ورلڈکپ میں بسمہ معروف قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتانی کریں گی۔

اٹھائیس سالہ کرکٹر 21 فروری سے 8 مارچ تک آسٹریلیا میں جاری رہنے والے ایونٹ میں یہ بھاری ذمہ داری ادا کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔بسمہ معروف اب تک 36 ٹی ٹونٹی میچوں میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتانی کرچکی ہیں۔بسمہ معروف ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں 2000 سے زائد رنز بنانے والی واحد پاکستانی خاتون کرکٹر ہیں۔ وہ محدود طرز کے اس فارمیٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ مرتبہ ،11، نصف سنچریاں بھی اسکور کرچکی ہیں۔میگا ایونٹ میں بسمہ معروف کو جویریہ خان اور ندا ڈار کی صورت میں تجربہ کار خواتین کھلاڑیوں کا ساتھ میسر ہوگا۔ دونوں کرکٹرز محدود فارمیٹ میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والی خواتین کھلاڑیوں کی فہرست میں بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔دو تجربہ کار کرکٹرز سمیت باصلاحیت کرکٹرز منیبہ علی ، عمیمہ سہیل اور عائشہ نسیم کی 15 رکنی اسکواڈ میں شمولیت سے قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ ڈیپارٹمنٹ مضبوط ہوا ہے جو کپتان کے اعتماد میں اضافے کا سبب بنے گا۔منیبہ علی نے آخری مرتبہ نومبر 2018 میں پاکستان کی نمائندگی کی تھی۔

بائیں ہاتھ کی بیٹر نے چند روز قبل کراچی میں کھیلے گئے قومی ٹی ٹونٹی ویمنز ٹورنامنٹ کی 5 اننگز میں 58 سے زائد کی اوسط کے ساتھ 292 رنزبنائے تھے۔ ایونٹ میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں اسکور کرنے والی منیبہ علی کو ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی کی بنیادپر قومی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم کے باؤلنگ ڈیپارٹمنٹ پر نظر ڈالی جائی تو سب سے پہلے انعم امین کا نام سامنے آتا ہے۔ نئی بال کی اسپیشلسٹ باؤلر انعم امین یکم جنوری 2019 سے اب تک قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی سب سے کامیاب باؤلر ہیں۔ وہ گذشتہ 8 میچوں میں 16 کی اوسط اور ساڑھے چھ کے اکانومی ریٹ سے 13 وکٹیں حاصل کرچکی ہیں۔ انعم امین کے علاوہ لیگ اسپنر سیدہ عروب شاہ اور بائیں ہاتھ سے باؤلنگ کرنے والی سعدیہ اقبال سمیت تجربہ کار ندا ڈار، عالیہ ریاض اور ڈیانا بیگ پر مشتمل باؤلنگ اٹیک ایونٹ میں متاثر کن کارکردگی دکھانے کی اہلیت رکھتا ہے۔قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ وہ پہلی مرتبہ ورلڈکپ میں پاکستان کی قیادت کرنے کو اعزاز سمجھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یقیناََ میگا ایونٹ میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتانی کرنا ایک بڑی ذمہ داری ہے مگر وہ اب تک اس کردار میں کرکٹ کو انجوائے کررہی ہیں۔بسمہ معروف نے واضح کیا کہ وہ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2020 میں سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں پر مشتمل 15 رکنی اسکواڈ کی قیادت کرنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسکواڈ میں شامل تجربہ کار ویمنز کرکٹرز جویریہ خان اور ندا ڈار اس سے قبل بھی میگا ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرچکی ہیں جس کا بھرپور فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے۔کپتان قومی خواتین کرکٹ ٹیم نے کہا کہ دائیں ہاتھ کی بیٹر جویریہ خان کی کارکردگی میں تسلسل اور ندا ڈار کی ویمنز بگ بیش لیگ میں شرکت کا فائدہ پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کو ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عمیمہ سہیل کی صورت میں باصلاحیت مڈل آرڈر بیٹر کے ساتھ ساتھ عالیہ ریاض اور ارم جاوید کی صور ت میں جارح مزاج بیٹرز میگا ایونٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔کپتان کا کہنا ہے کہ چند روز قبل کراچی میں کھیلے گئے ویمنز ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹ میں سنچری اسکور کرنے والی منیبہ علی کی اسکواڈ میں شمولیت بھی خوش آئند ہے۔

انہوں نے کہا کہ عائشہ نسیم کی ہارڈ ہٹنگ صلاحیت سمیت مجموعی طور پر قومی خواتین اسکواڈ بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو بیٹنگ ڈیپارٹمنٹ کی مضبوطی کا سبب ہوگا۔بسمہ معروف نے کہا کہ ڈیانا بیگ تجربہ کار فاسٹ باؤلر ہیں تاہم ایمن انور بھی نئی گیند سے اچھی باؤلنگ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند ماہ قبل پاکستان کی جانب سے ڈیبیو کرنے والی فاطمہ ثناء ، سیدہ عروب شاہ اور سعدیہ اقبال کی اسکواڈ میں شمولیت باؤلنگ ڈیپارٹمنٹ کے لیے مفید ثابت ہوگی۔بسمہ معروف کا کہنا ہے کہ گذشتہ 2 سالوں میں پاکستان خواتین کرکٹ ٹیم کی کارکردگی میں واضح بہتری دیکھی جاسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میگا ایونٹ کے لیے منتخب کردہ اسکواڈ بہتر کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جو میگا ایونٹ میں مثبت نتائج دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔15 رکنی اسکواڈ میگا ایونٹ میں شرکت کے لیے 31 جنوری کو آسٹریلیا روانہ ہوگا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم ایونٹ سے قبل ویسٹ انڈیز ویمنز کرکٹ ٹیم کے خلاف تین وارم اپ میچز 7، 9 اور 11 فروری کو کھیلے گی تاہم روانگی سے قبل قومی خواتین کرکٹ ٹیم کا آٹھ روزہ تربیتی کیمپ 23 سے 30 جنوری تک کراچی میں جاری رہے گا۔

قومی خواتین کرکٹ ٹیم میگا ایونٹ کے گروپ بی کا حصہ ہے۔ گروپ میں شامل دیگر ٹیموں میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ، تھائی لینڈ اور ویسٹ انڈیز شامل ہیں۔پاکستان ایونٹ میں اپنا پہلا میچ 26فروری کو ویسٹ انڈیز کے خلاف کھیلے گا۔ قومی خواتین کرکٹ ٹیم 28 فروری کو انگلینڈ، یکم مارچ کو جنوبی افریقہ اور 3 مارچ کو تھائی لینڈ کے خلاف میدان میں اترے گی۔ اسکواڈ میں بسمہ معروف (کپتان)، ایمن انور، عالیہ ریاض، انعم امین، عائشہ نسیم، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثناء ، ارم جاوید، جویریہ خان، منیبہ علی، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، سعدیہ اقبال، سدرہ نواز (وکٹ کیپر) اور سیدہ عروب شاہ وغیرہ شامل جبکہ آفیشلز میں سید اقبال امام (ہیڈ کوچ)، سلیم جعفر (باؤلنگ کوچ)، عامر اقبال (فیلڈنگ کوچ)، جمال حسین ( اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ)، ڈاکٹر رفعت اصغر گل (فزیو)، عائشہ جلیل (منیجر) اور زبیر احمد (اینالسٹ) وغیرہ شامل ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں