برآمد کنندگان

برآمد کنندگان کے بلوں میں بھی ریٹیلرز کی طرز پرٹیکسز عائد کر دئیے گئے ہیں’ پرویز حنیف

لاہور(عکس آن لائن)کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن و لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر پرویز حنیف نے کہا ہے کہ ڈالر کے اتار چڑھائو کی وجہ سے برآمدکنندگان انتہائی مشکلات سے دوچار ہیں ، بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے برآمد کنندگان کے بلوں میں بھی ریٹیلرز کی طرز پرٹیکسز عائد کر دئیے گئے ہیں،کاروبار کرنا اتنا مشکل بنا دیا گیا ہے کہ لوگ مزید سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں ملاقات کیلئے آنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ پرویز حنیف نے کہا کہ ایسے حالات میں جب ہمیں برآمدات بڑھانے کی ضرورت ہیں اس میں کمی آرہی ہے لیکن حکومت اور ذمہ داران اس کی وجوہات سے آگاہی حاصل کرنے کیلئے تیار نہیں ۔

ڈالر کے اتار چڑھائو ، مہنگے خام مال اور لیبر کے بڑھتے اخراجات کی وجہ سے پاکستانی برآمد کنندگان بیرون ممالک مسابقتی دوڑ سے باہر ہو رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ حکومتی اداروں کے وژن کا یہ عالم ہے کہ برآمد کنندگان جنہوںنے مختلف مقامات پر اپنے دفاتر بنا رکھے ہیں ان پر بھی ریٹیلرز کی طرز بھی ٹیکسز عائد کر دئیے گئے اور صرف یہی نہیں بلکہ یونٹس کی تعداد از خود دوگنا کر کے لاکھوں روپے کے بل بھجوا دئیے گئے ہیں ، یہی وہ چلن ہیں جس کی وجہ سے پاکستان میں کاروبار کرنا مشکل ہو گیا ہے اور لوگ پہلے سے چلتے یا نئے کاروبار میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں