مصدق ملک

بانی پی ٹی آئی اور انکی اہلیہ کو سزا ہونے پر ہمیں کوئی خوشی نہیں’ مصدق ملک

لاہور (عکس آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما و سابق وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نے خفیہ دستاویزات ہوا میں لہرا کر سیاسی مفاد حاصل کیا، سیکریٹ ایکٹ کو تار تار کرنے پر سزا ہوئی،(ن) لیگ نے کبھی کسی کے دکھ پر جشن نہیں منایا،بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو سزا ہونے پر ہمیں کوئی خوشی نہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹائون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ مصدق ملک نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کے دو عدالتی فیصلے آئے ہیں ،یہ فیصلہ (ن) لیگ نے نہیں کیا ،ہم نہ عدالت ہیں نہ نگران حکومت اور نہ ہم الیکشن کمیشن ہیں ، عدالتی فیصلے پر سوالات ان سے پوچھیں جائیں جس نے فیصلے کئیبانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو سزا ہونے پر ہم نے کوئی مٹھائی نہیں بانٹی، یہ فیصلہ تو ایک عدالت کا ہے کسی پارٹی کا نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج انہیں سزا ہوئی تو جج محمد بشیر پر تنقید ہو رہی ہے، دوسروں کو سزا ہوئی تو جج محمد بشیر کو مرد مومن کہا گیا، نوازشریف کے خلاف مقدمات میں سپریم کورٹ کو ہی ایک ٹرائل کورٹ بنا دیا گیا تھا،ان کیخلاف کیسز میں سپریم کورٹ کے کوئی جج بھی نگرانی کے لئے نہیں لگائے گئے، نوازشریف کے 2وکیل تھے اور وہ ہی سارے کیسز لڑے۔مصدق ملک کا کہنا تھا کہ پہلا فیصلہ یہ ہے.

آپ نے توشہ خانہ کے تحائف اثاثوں میں ظاہر ہی نہیں کئے، 3ارب 15کروڑ کی چیز 2کروڑ کی ڈیکلئیر کر کے 90لاکھ میں خرید لی، ہمیں جو بھی تحائف ملے وہ توشہ خانہ میں پڑے ہیں، آپ کیخلاف فیصلے میں کوئی جھول ہے تو عدالتیں موجود ہیں۔سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ جب نوازشریف کی زوجہ ہسپتال میں زیر علاج تھیں تو آپ لوگ کہتے تھے کہ یہ مذاق کر رہی ہیں، کسی کی ماں، بیٹی اور بہن کی عزت صرف ہم پر فرض ہے کیا آپ پر نہیں؟ نیا پاکستان اور پرانا پاکستان نہیں بلکہ صرف ایک پاکستان ہے۔

مصدق ملک نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے خفیہ دستاویزات کو ہوا میں لہرا کر سیاسی مفاد حاصل کیا، سیکریٹ ایکٹ کو تار تار کرنے پر سزا ہوئی۔ترکیہ، ملائیشیا اور سعودی عرب سے تعلقات کی سیاسی مفادات کے لیے دھجیاں اڑائیں، آپ کے لیے دیوار توڑ کر ساتھ والے کمرے میں جم بنایا گیا۔انہوں نے کہا کہ ڈالر ریٹ سے پیٹرول قیمتوں میں اتار چڑھا آتا ہے، روس کا تیل خریدا تھا، ٹرانسپورٹیشن مہنگی اور فرنس آئل زیادہ ملتا تھا، آٹھ ملین ٹن تیل کی ضرورت ہے،

ایک لاکھ ٹن کا معاہدہ تھا۔ایک سوال کے جواب میں مصدق ملک نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کو بنی گالہ میں سب جیل قرار دے کر قید کر دیا گیا، جو غریب عورت روٹی چوری پکڑے گئی اسے جیل بھیج دیا جاتا ہے لیکن بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ کو گھر میں ہی قید کردیا گیا جو انصافی ہے، احتراماً ان عورتوں کو بھی چھوڑ دیا جائے جو غریب ہیں کیونکہ نیا اور پرانا پاکستان الگ الگ نہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں