باغبان

باغبان موسم برسات میں اپنے باغات کی بہتر دیکھ بھال یقینی بنانے سمیت ضرورت سے زیادہ پانی کی فراہمی سے اجتناب کریں

فیصل آباد (عکس آن لائن):محکمہ زراعت کی جانب سے نشو ونما کے حساس مراحل سے گزرنے والے پھلدار پودوں کو موسم گرما میں پانی کی کمی نہ آنے دینے کی ہدایت کی گئی ہے اورکہاگیاہے کہ چونکہ پھل دار پودے آج کل اپنی نشوونما کے مختلف مراحل سے گزر رہے ہیں لہذاان کی کامیاب نشوونما کیلئے ضروری ہے کہ گرم موسم میں پودوں کو پانی کی کمی نہ آنے دی جائے تاہم اگرمون سون بارشیں مناسب مقدار میں ہوں تو پودے کیلئے انتہائی مفید ہیں کیونکہ پھل دار پودے اپنے مختلف حصوں میں موجود مساموں کے ذریعے بارش کے پانی سے نائٹروجن کو جذب کرلیتے ہیں جو ان کی بڑھوتری کا باعث بنتی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ زراعت توسیع فیصل آبادچوہدری خالد محمود نے بتایا کہ بارش کا پانی ٹیوب ویل کے پانی کی نسبت زیادہ مفید ہوتا ہے اور یہ جڑوں کے ذریعے جذب ہوکر زمین میں موجود خوراک کو پودے کے مختلف حصوں تک پہنچاتا ہے۔مزید برآں بارش سے پودوں کے پتے بالکل صاف ہوجاتے ہیں اور یہ زیادہ بہتر طریقے سے ضیائی تالیف کا عمل شروع کرتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بارش اگر مختلف وقفوں سے جاری رہے تو دن اور رات کے درجہ حرارت میں کمی واقع ہوجاتی ہے جس سے پھل دارپودے اپنی نشوونما کا عمل آگے بڑھاتے ہیں۔ انہوں نے باغبانوں کو سفارش کی کہ وہ موسم برسات میں اپنے باغات کی بہتر دیکھ بھال کو یقینی بنائیں اور ضرورت سے زیادہ پانی کی فراہمی سے اجتناب کریں نیزجن ایام میں بارشیں ہورہی ہوں تو باغات سے بارشوں کے زائد پانی کی نکاسی کا فوری طورپر انتظام کریں۔انہوں نے کہاکہ بارشوں کا پانی اگر پودوں کے تنوں کے قریب گھیرے میں 24گھنٹوں سے زائد وقت کیلئے کھڑا ہوجائے تو جڑوں میں ہوا کا گزر نہیں ہوتا اور یہ گلنا شروع ہوجاتی ہیں جس سے باغات تیزی سے انحطاط پذیری کی طرف مائل ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ زیادہ بارشوں کی صورت میں پودے کے تنے کا زخم شدہ حصہ پانی میں ڈوبا رہنے سے مختلف بیماریوں کا شکار ہوسکتا ہے لہذا پودوں کے تنے کا وہ حصہ جو بارشوں کے پانی میں ڈوبا رہا ہو وہاں مینکو زیب یا کاپر آکسی کلورائیڈ پھپھوند کش زہروں کا پیسٹ لگائیں۔انہوں نے کہاکہ بیماریوں سے متاثرہ پودوں پر کاپر آکسی کلورائیڈ بحساب2.5 گرام فی لیٹر پانی میں ملا کر یا نئی کیمسٹری کی پھپھوند کش زہروں کا سپرے بھی کیاجائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں