کھجور

باغبانوں کو روا ں ماہ کے آخر تک کھجور کے نئے پودے لگانے کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت

فیصل آباد(عکس آن لائن) ماہرین زراعت نے باغبانوں کو روا ں ماہ اکتوبر کے آخر تک کھجور کے نئے پودے لگانے کا عمل مکمل کرنے کی ہدایت کر دی ہے اور کہا ہے کہ چونکہ اکتوبر کا مہینہ کھجور کے نئے پودے لگانے کیلئے موسمی حالات کے مطابق انتہائی موزوں ہے اسلئے باغبان مذکورہ مہینہ کے اختتام تک کھجور کے نئے پودے لگانے کا عمل مکمل کر لیں ۔

انہوں نے بتایاکہ کھجور کی کاشت کیلئے پانی کے اچھے نکاس والی ذرخیز میرا زمین کا انتخاب کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ باغبان کھجور کے ایسے پودوں کا انتخاب کریں جن کا وزن 10سے15 کلو گرام تک اور وہ ہر لحاظ سے صحت مند اور بیماریوں سے پاک ہو ۔انہوں نے کہا کہ پودے نکالنے کیلئے ایک مربع میٹر تک گڑھوں کی لمبائی ، چوڑائی ، گہرائی تک کھدائی کریں اور گڑھا کھودتے وقت اوپر کی 30سینٹی میٹر مٹی ایک طرف رکھیں اور باقی مٹی الگ رکھ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ پودا لگانے سے قبل گڑھے کو دو سے تین ہفتے تک کھلا چھوڑدینا چاہیے ۔ انہوں نے مزید بتایاکہ پودے کی منتقلی سے پہلے نئے پودوں کی جڑیں 10سے12گھنٹے تک پانی میں بھگوئی جائیں اور پودے سے پودے کا فاصلہ 20سے25فٹ رکھا جائے ۔

انہوں نے کلور پائریفاس بحساب ایک لیٹر فی 100لیٹر پانی میں ملا کر پودوں کے گھیرے میں سپرے کرنے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ پودے دیمک اور دیگر کیڑوں و بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں مزید معلومات ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی حاصل کی جا سکتی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں