رضا ربانی

ایم این اے علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں، رضا ربانی کی اسپیکر قومی اسمبلی سے اپیل

اسلام آ باد (عکس آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی نے اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے اپیل کی ہے کہ ایم این اے علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کریں، قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت علی وزیر کا آئینی حق ہے۔ ایک بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ علی وزیر کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے جائیں تاکہ وہ بجٹ اجلاس میں اپنے حلقے کی نمائندگی کر سکیں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ علی وزیر 15 ماہ سے زائد عرصے سے زیرِ حراست ہیں، قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت علی وزیر کا آئینی حق ہے۔

رضا ربانی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قومی اسمبلی کے رول 108 اور سینیٹ کے رول 84 کا تحفظ کیا، ان رولز پر عمل درآمد نہ کرنا علاقے کے عوام کو نمائندگی سے محروم رکھنے کے مترادف ہے، پارلیمنٹ کا تشخص اور اتھارٹی کو روندا گیا اور اب یہ ایک خالی عمارت ہے۔ رضا ربانی نے کہا کہ پارلیمنٹ کے ادارے کو دوبارہ تعمیر کرنا ہوگا جبکہ پارلیمنٹ اور اس کے پریزائیڈنگ افسران کی اتھارٹی کو بحال کرنا ہوگا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی نے مزید کہا کہ چیئرمین اور اسپیکر مشترکہ طور پر پارلیمنٹ کے آئین کے تحت حقیقی مقام دلوائیں اور اسپیکر بطور ایوان کے کسٹوڈین کے اپنی اتھارٹی منوائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں