شاہد خاقان عباسی

ایل این جی کیس، عدالت کی نیب کو شاہد خاقان عباسی کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت

اسلام آباد(عکس آن لائن) احتساب عدالت نے نیب کو ایل این جی ریفرنس میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے اعتراضات دور کرنے کی ہدایت کردی۔ ایل این جی ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت اسلام آباد کے جج اعظم خان نے کی۔ سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔

نیب کی جانب سے ریفرنس میں نامزد دو غیر ملکی ملزمان ایل این جی ٹرمینلز کے لیے ہائر کیے گئے کنسلٹنٹ فلپ ناٹمین اور ثنا صادق کی طلبی کے نوٹسز سے متعلق تعمیلی رپورٹ پیش کی گئی۔نیب کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پاکستانی ہائی کمیشن کی جانب سے دونوں غیر ملکیوں کو نوٹس کی تعمیل کروا دی ہے۔

جج احتساب عدالت نے نیب کو تعمیل کی اصل رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کرتے کہا کہ فرد جرم عائد کرنے کیلئے غیر ملکیوں کے معاملے کو کیس سے الگ کر دیتے ہیں،جس پر شاہد خاقان کے وکیل بیرسٹرظفر اللہ نے ریفرنس کی دستاویز پراعتراضات اٹھاتے کہا کہ ضمنی ریفرنس میں نیب نے مطلوبہ دستاویز فراہم نہیں کی۔ عدالت پہلے ہمارے اعتراضات پر فیصلہ کرے۔

جج اعظم خان نے نیب کے وکیل کو ملزمان کے وکلا کے ساتھ بیٹھ کر ان اعتراضات کو دور کرنے کی ہدایت کی۔ بیرسٹرظفر اللہ نے کمرہ عدالت میں لوگوں کی بھیڑ کی جانب اشارہ کرتے کہا کہ اس وقت عدالت کا کمرہ بھرا ہوا ہے، جو خطرے سے خالی نہیں متعدد وکلا اور ملزمان کو کورونا ہو چکا ہے۔جس پرجج نے کہا کہ آپ ٹھیک کہہ رہے ہیں ہمیں احتیاط کرنی چاہئیے۔کیس کی سماعت کل دوبارہ ہو گی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں