راجہ عدیل

ایف بی آر فکسڈ ٹیکس مسودہ پر عملدرآمد سے قبل سٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے‘راجہ عدیل

لاہور(عکس آن لائن) تاجر رہنما انجمن تاجران لوہا مارکیٹ شہید گنج (لنڈا بازار)لاہورکے سینئر نائب صدرراجہ عدیل نے کہا ہے کہ ایف بی آر فکسڈ ٹیکس مسودہ پر عملدر آمد سے قبل سٹیک ہولڈرز سے مشاروت کرے تاکہ تاجروں کی مشاورت سے فکسڈ ٹیکس سکیم کے نفاذ سے حکومتی ریونیو میں اضافہ ہواور تاجربرادری کی جانب سے خوشدلی سے ٹیکسوں کی ادائیگی سے حکومت مالی طور پر مستحکم ہوسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہید گنج کے تاجروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔راجہ عدیل اشفاق نے کہا کہ فکسڈ ٹیکس مسودہ کے مطابق ٹیکس ادا کرنے والے چھوٹے تاجروں کا کوئی آڈٹ نہ ہوگا اور نہ ہی چھوٹے دوکانداروں سے ودہلڈنگ ٹیکس کی وصولی کی جائے گی مسودے کے مطابق چھوٹے دکانداروں کیلئے ویلتھ اسٹیٹمنٹ داخل کرنا بھی ضروری نہ ہوگا۔ایف بی آر کی جانب سے چھوٹے دکانداروں سے ٹیکس وصولی مختلف کیٹیگری کیلئے الگ الگ متعار ف کروائی جائے گی۔مسودے کے مطابق 150اسکوائر فٹ کی دوکان سے سالانہ35ہزارجبکہ150سے300فٹ کی دوکان سے40ہزار روپے فکسڈ ٹیکس کی تجویز ہے ایف بی آراس ٹیکس ریٹ میں سالانہ 5ہزار روپے اضافہ کرنے کی تجویز دی گئی ہے جس سے تاجر برادری متاثر ہوگی انہوں نے کہا کہ تاجر نمائندوں کی مشاورت سے فکسڈٹیکس سکیم کو حتمی شکل دی جائے اور اس ضمن میں تاجروں کی پہلے درجہ بندی کی جائے اور ان کی ٹیکس ادا کرنے کی صلاحیت کے مطابق ان کیلئے فکسڈٹیکس نظام متعارف کروایا جائے تاکہ تاجرطبقے پر غیر ضروری بوجھ نہ پڑے اور وہ خوشدلی سے ٹیکس ادا کرکے حکومت کے ٹیکس نیٹ میں اضافہ کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ تاجروں کو مسائل سے بچانے کیلئے شناختی کارڈ کی شرط پر نظر ثانی کی جائے اور اسے کچھ عرصہ موخر کرنے کی بجائے اسے مستقل طور پر ختم کیا جائے حکومت تاجروں کو مزیدمسائل سے بچانے کیلئے نئے رولز پر نظر ثانی کرے اور ایسے رولز بنائے جس سے تاجر برادری کو کاروبار کرنے میں آسانی ہو جس سے کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے گا۔اور تاجر برادری کیلئے فکسڈ ٹیکس نفاذ سے حکومتی ریونیو میں بھی اضافہ ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں